انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30ستمبرہے، گوشواروں میں تمام معلومات درست اور مکمل درج کی جائے، ترجمان ایف بی آر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2026 کے گوشوارے بروقت جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30ستمبرہے، ٹیکس دہندگان ریٹرن فائل کرنے سے قبل اپنی آمدنی، اثاثوں، بینکنگ اور دیگر مالی لین دین کا ریکارڈ اچھی طرح چیک کریں

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2026 کے گوشوارے بروقت جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 30ستمبرہے، ٹیکس دہندگان ریٹرن فائل کرنے سے قبل اپنی آمدنی، اثاثوں، بینکنگ اور دیگر مالی لین دین کا ریکارڈ اچھی طرح چیک کریں اور گوشوارے میں تمام معلومات درست اور مکمل درج کریں۔ایف بی آر کے مطابق ٹیکس ریٹرن کے ساتھ متعلقہ دستاویزی ثبوت بھی فراہم کیے جائیں تاکہ ظاہر کردہ معلومات اور مالی ریکارڈ میں کسی قسم کا تضاد نہ رہے۔ ادارے کے جدید خودکار نظام اور مختلف ڈیٹا ذرائع کے ذریعے آمدنی، اثاثوں اور مالی معاملات سے متعلق معلومات کی جانچ کی جا سکتی ہے جبکہ غلط، نامکمل یا متضاد معلومات کی نشاندہی بھی ممکن ہے۔ ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ آمدنی یا اثاثوں سے متعلق معلومات چھپانے، غلط تفصیلات فراہم کرنے یا واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی میں کوتاہی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی اور ریکوری کے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ قانونی تقاضے پورے ہونے کی صورت میں واجب الادا رقم کی وصولی کے لیے قانون کے مطابق بینک اکائونٹس سمیت دیگر ذرائع استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ٹیکس دہندگان کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ریٹرن جمع کرانے سے پہلے اپنے تمام مالی ریکارڈ، آمدنی کے ذرائع اور اثاثوں کی تفصیلات کا جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ گوشوارے میں درج معلومات دستیاب دستاویزات سے مطابقت رکھتی ہوں۔ ٹیکس سال 2026 کا انکم ٹیکس ریٹرن ایف بی آر کی ویب سائٹ یا ٹیکس آسان (Tax Asaan) موبائل ایپ کے ذریعے جمع کرایا جا سکتا ہے۔ رہنمائی کے لیے ایف بی آر کی ہیلپ لائن 051-111-772-772، ای میل [[email protected]](mailto:[email protected]) یا قریبی ایف بی آر دفتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا ہے کہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر بروقت ریٹرن فائل کریں اور اپنی آمدنی و اثاثوں کی درست تفصیلات فراہم کرتے ہوئے واجب الادا ٹیکس ادا کریں۔