نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت فیول سبسڈی سے متعلق قومی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت فیول سبسڈی سے متعلق قومی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزیراعظم کی خصوصی فیول ریلیف سکیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی حکومت کے تمام اداروں کی مشترکہ کوشش کی عکاسی کرتی ہے۔ منگل کو یہاں نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق انھوں نے آج نیویارک سے واپسی پر وزیراعظم کی خصوصی فیول ریلیف سکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے فیول سبسڈی سے متعلق قومی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔کمیٹی نے رجسٹریشن، ٹوکن کے استعمال، ادائیگیوں اور شکایات کے ازالے کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ اب تک تقریباً 76 لاکھ رجسٹریشن کامیابی سے مکمل ہو چکی ہیں اور ٹوکن کے استعمال کا عمل دوسرے ہفتے میں داخل ہو گیا ہے، اب تک 77 لاکھ 10 ہزار ٹوکنز استعمال کئے جا چکے ہیں۔نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سکیم کی کامیابی کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ حکومت کے تمام اداروں کی مشترکہ کوشش کی عکاسی کرتی ہے جس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت پٹرولیم، اوگرا، سٹیٹ بینک آف پاکستان اور صوبوں نے مشترکہ کوششیں کی ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مستحقین کو سہولت فراہم کرنے اور ملک بھر میں خدمات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے مسلسل رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں وفاقی وزرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور اطلاعات و نشریات، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی و صوبائی سیکرٹریز اور سٹیٹ بینک آف پاکستان، اوگرا، این آئی ٹی بی اور پی ڈی اے کے حکام نے شرکت کی۔








