عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں،وزارت خزانہ
عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں،وزارت خزانہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزارت خزانہ نے کہاہے کہ پاکستان عالمی بینک کے ساتھ اپنی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔منگل کویہاں جاری بیان میں وزارت خزانہ نے کہاہے کہ پاکستان مالی سال 2026ء کے دوران ترقیاتی عمل کے لیے نجی سرمایہ کاری متحرک کرنے اور ممالک اور سرمایہ کاروں کے ساتھ زیادہ تیزی اور قریبی تعاون کے عزم پر عالمی بینک کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ان اقدامات سے اس امرکی عکاسی ہورہی ہے کہ پائیدار انسانی سرمائے کی ترقی، عوام کے لیے بہتر معاشی مواقع و روزگار کے ذرائع پیدا کرنے اور ایسی مضبوط معیشتوں کی تشکیل کے لیے نجی سرمایہ کاری کو زیادہ سے زیادہ متحرک کیا جائے جو خوشحال اور پائیدار اقتصادی ترقی کے مواقع فراہم کر سکیں۔
بیان میں کہاگیاہے کہ پاکستان کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانے، پالیسیوں میں تسلسل اور پیش بینی کو یقینی بنانے، سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری لانے اور نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے کے عزم پر قائم ہے۔
بیان میں کہاگیاہے کہ پاکستان عالمی بینک کے ساتھ اپنی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے تاکہ نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کیے جا سکیں، نجی سرمایہ کاری کو مزید متحرک کیا جا سکے، اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کی جا سکے، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور ترقی کے امکانات کو عوام کے لیے ٹھوس اور قابل عمل نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔








