سپریم کورٹ بار انتخابات، پیپلز لائرز فورم کا سید امجد شاہ اور ان کے پینل کی حمایت کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی کے پیپلز لائرز فورم نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے آئندہ انتخابات میں سید امجد شاہ اور ان کے پینل کی حمایت کا متفقہ اعلان کر دیا۔منگل کو مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں پیپلز لائرز فورم کے اجلاس میں تمام صوبوں کے نمائندگان، سینئر وکلاء اور لا آفیسرز نے شرکت کی

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے پیپلز لائرز فورم نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے آئندہ انتخابات میں سید امجد شاہ اور ان کے پینل کی حمایت کا متفقہ اعلان کر دیا۔منگل کو مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں پیپلز لائرز فورم کے اجلاس میں تمام صوبوں کے نمائندگان، سینئر وکلاء اور لا آفیسرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد سید امجد شاہ اور ان کے پینل کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔پیپلز لائرز فورم کے نمائندوں نے کہا کہ امیدواروں کی حمایت کے فیصلے انفرادی طور پر نہیں بلکہ تمام صوبوں کے عہدیداران اور متعلقہ وکلاء قیادت سے مشاورت کے بعد کیے جاتے ہیں۔ سید امجد شاہ کی حمایت بھی فورم کا متفقہ فیصلہ ہے۔اس موقع پر سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے فروغ کے لیے تاریخی جدوجہد اور بے شمار قربانیاں دی ہیں، ملک میں جمہوری نظام کے قیام اور استحکام میں پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کا بنیادی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر نظام میں بہتری کی گنجائش موجود ہوتی ہے تاہم آئینی اصولوں اور جمہوری اقدار کا تحفظ ناگزیر ہے۔

سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ آئینی معاملات اور ترامیم سے متعلق بحث کا بنیادی فورم پارلیمان ہے کیونکہ آئین میں ترمیم اور قانون سازی کا اختیار پارلیمان کو حاصل ہے، تمام آئینی معاملات پارلیمانی دائرہ اختیار اور آئینی تقاضوں کے مطابق طے کیے جانے چاہییں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وکلاء برادری قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے اپنا موثر کردار جاری رکھے گی۔فورم نے پیپلز پارٹی سے وابستہ تمام وکلاء بالخصوص سپریم کورٹ کے وکلاء سے اپیل کی کہ وہ سید امجد شاہ اور ان کے پینل کی حمایت کریں اور ان کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔سید امجد شاہ نے پیپلز لائرز فورم کی حمایت پر سید نیئر حسین بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ حمایت ان کے لیے باعث عزت اور طاقت ہے۔انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جمہوری نظام کی پائیداری، سیاسی جماعتوں کی مضبوطی اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔

سید امجد شاہ نے کہا کہ جمہوریت کے ساتھ ان کا رشتہ اٹوٹ ہے اور آئین کی بالادستی کے لیے وکلاء برادری اپنا کردار جاری رکھے گی۔اجلاس میں سید سبط الحیدر بخاری ، محمد سعید راجا، ڈپٹی اٹارنی جنرل، سجاد خان تنولی، ایاز احمد اعوان، سردار علی جہانگیری، اظہر نواز شاہ، رائے اظہر اقبال کھرل، سائر خالد راجپوت، حفیظ الرحمن، سید احمد شاہ، ابو حسن قریشی اور سید واجد امجد ایڈووکیٹ عزرہ بٹ، گوہر رحمان، فاطمہ خان، چاند بی بی، سمیت دیگر وکلاء جبکہ شیخ غیاث الدین ایڈووکیٹ، قاضی بشیر ایڈووکیٹ اور بہرام ترین نے آن لائن شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے سید امجد شاہ اور ان کے پینل کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔