پاکستان روس کے ساتھ شراکت داری مضبوط بنانے اور علاقائی اقتصادی تعاون، روابط و عوامی سطح کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے،فیصل نیاز ترمذی

پاکستان روس کے ساتھ شراکت داری مضبوط بنانے اور علاقائی اقتصادی تعاون، روابط و عوامی سطح کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے،فیصل نیاز ترمذی

ماسکو۔29ستمبر (اے پی پی):روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے تعلقات مثبت رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، شنگھائی تعاون تنظیم ، ڈی ایٹ، سارک اور ای سی او علاقائی اقتصادی تعاون اور روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ایم جی آئی ایم او انٹرنیشنل بزنس ٹرینڈز فورم 2026 میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کے ابھرتے ہوئے ڈھانچوں کے ساتھ عالمی تجارت کے نئے رجحانات بھی تشکیل پا رہے ہیں جبکہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال مضبوط شراکت داری اور زیادہ علاقائی روابط کی متقاضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے ویزا سہولت، براہ راست فضائی رابطے اور مؤثر لاجسٹکس اہم حیثیت رکھتے ہیں۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)، ڈی ایٹ، سارک اور ای سی او علاقائی اقتصادی تعاون اور روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، علاقائی پلیٹ فارمز کو تجارت میں سہولت، نقل و حمل اور لاجسٹکس کے روابط مضبوط بنانے کے لئے مؤثر طور پر استعمال کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان قدرتی رابطہ کار کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع علاقائی تجارت اور روابط کے لیے اہم زمینی اور بحری راستے فراہم کرتا ہے۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، ملک کی نوجوان آبادی ایک بڑی طاقت کے ساتھ ساتھ ایک اہم ذمہ داری بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدت اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے کاروباری اور سائنسی شعبوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ضروری ہے۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور روسی وزیر داخلہ کا اکتوبر میں پاکستان کا متوقع دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعلیٰ سطحی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔ فورم کے موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے دیگر سفیروں، روسی کاروباری و علمی شعبے کے نمائندوں اور ایم جی آئی ایم او کے طلبہ سے بھی ملاقاتیں اور تبادلہ خیال کیا۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنی شراکت داری مضبوط بنانے اور علاقائی اقتصادی تعاون، روابط اور عوامی سطح کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔