چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا ڈاکٹر مہاتیر محمد کی اہلیہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا ڈاکٹر مہاتیر محمد کی اہلیہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملائیشیا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی اہلیہ، معروف معالج اور سماجی شخصیت ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اپنے تعزیتی پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے ڈاکٹر مہاتیر محمد اور ان کے اہلِخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ۔انہوں نے مرحومہ کی طبی، صحتِ عامہ، خواتین کی فلاح و بہبود اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گراں قدر خدمات کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی نے اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں طب اور صحتِ عامہ کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں جبکہ عوامی فلاح، خواتین کی بہبود اور معاشرتی ترقی کے لئے بھی ان کا کردار قابلِ قدر رہا، ان کی خدمات ملائیشیا کی عوامی اور سماجی زندگی میں ایک قابلِ احترام ورثہ ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے سوگوار خاندان، بالخصوص ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام ملائیشیا کی قیادت اور عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ڈاکٹر مہاتیر محمد، ان کے اہلِخانہ اور تمام سوگواران کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید خبریں