چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو عامر ضیا نے 132کے وی اتحاد ٹائون اور 132کے وی آڈٹ اینڈ اکائونٹس گرڈ سٹیشنز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
لیسکو،132کے وی اتحاد ٹائون اور 132کے وی آڈٹ اینڈ اکائونٹس گرڈ سٹیشنز کا باقاعدہ افتتاح ،ترجمان

مزید خبریں
لاہور۔30ستمبر (اے پی پی):چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو عامر ضیا نے 132کے وی اتحاد ٹائون اور 132کے وی آڈٹ اینڈ اکائونٹس گرڈ سٹیشنز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ ان کے ہمراہ موجود تھے جبکہ جنرل منیجر ٹیکنیکل رائے محمد اصغر، پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی زاہد قیوم کھوکھر، پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن محسن علی، ایس ای سول فرقان علی غضنفر، ایس ای سینٹرل ثنا محمد گجر، اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ترجمان لیسکو کے مطابق 132کے وی اتحاد ٹائون گرڈ سٹیشن 588 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس سے اتحاد ٹائون ایف-1، ایف-2، ایف-3 اور عظیم آباد سمیت چار 11کے وی فیڈرز کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ مزید 11 فیڈرز منتقل کیے جائیں گے۔ اس سے 132کے وی پنجاب یونیورسٹی، ایل ڈی اے ایونیو-1 اور چونگ گرڈ سٹیشنز کو ریلیف ملے گا۔132کے وی آڈٹ اینڈ اکاونٹس گرڈ سٹیشن سے واپڈا ٹائون، ٹائون شپ اور ویلنشیا گرڈ سٹیشنز کے سات فیڈرز کو ریلیف ملے گا اور تقریبا 30 ہزار صارفین مستفید ہوں گے۔ اس گرڈ سٹیشن سے این ایف سی-I، ٹی آئی پی اور ڈیفنس روڈ-II فیڈرز انرجائز ہو چکے ہیں، جبکہ حکیم ٹائون، کھیرا ڈسٹری بیوٹری اور انجینئرز ٹائون کے سات فیڈرز پر کام جاری ہے۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو عامر ضیا نے کہا کہ نئے گرڈ سٹیشنز کا قیام لیسکو کے ترسیلی نظام کو مضبوط بنانے اور صارفین کو مستحکم بجلی کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم کی استعداد بڑھانے اور قابلِ اعتماد بجلی کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ دونوں گرڈ سٹیشنز کے فعال ہونے سے ترسیلی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور وولٹیج و نظام کی پائیداری بہتر ہوگی۔ یہ گرڈ سٹیشنز بڑھتی ہوئی طلب اور نئے کنکشنز کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔







