ایس سی او کے مشترکہ ویژن کو عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اسحاق دار

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق دار نے کہا ہے کہ ایس سی او کے مشترکہ ویژن کو عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق دار نے کہا ہے کہ ایس سی او کے مشترکہ ویژن کو عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزارت خارجہ اسلام آباد میں ایس سی او رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز کے ساتھ ساتھ ایس سی او سیکرٹر یٹ اور ایس سی او آر اے ٹی ایس کے سینئر نمائندوں سے خطاب کیا۔پاکستان کی صدارت میں نیشنل کوآرڈینیٹرز کونسل کے پہلے اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹرز کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے ایک کھلے، جامع اور تعمیری صدارتی عزم کا اعادہ کیا، جو باہمی اعتماد، باہمی مفاد، مساوات، مشاورت اور مشترکہ ترقی کے ’’شنگھائی اسپرٹ‘‘ پر مبنی ہے۔انہوں نے پاکستان کی صدارت کے موضوع ”ویژن کو عمل میں تبدیل کرنا، کنیکٹیویٹی، جدت اور مشترکہ خوشحالی“ کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایس سی او کے مشترکہ ویژن کو عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جائے۔انہوں نے 2027 میں اسلام آباد میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی میزبانی کی تیاریوں کا بھی ذکر کیا اور کامیاب صدارت کو یقینی بنانے کے لیے رکن ممالک کے درمیان قریبی رابطے کی ضرورت پر زور دیا۔