پاکستان نے عالمی سلامتی کی بگڑتی صورتحال کے تناظر میں دورخی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا ہے جس میں جوہری تخفیف اسلحہ کو آگے بڑھانا اور جامع عالمی و علاقائی امن کو یقینی بنانا شامل ہو ۔
پاکستان کا عالمی سلامتی کی صورتحال کے تناظر میں دورخی حکمت عملی اپنانے پر زور ، اس میں جوہری تخفیف اسلحہ کو آگے بڑھانا اور جامع عالمی و علاقائی امن یقینی بنانا شامل ہو

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے عالمی سلامتی کی بگڑتی صورتحال کے تناظر میں دورخی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا ہے جس میں جوہری تخفیف اسلحہ کو آگے بڑھانا اور جامع عالمی و علاقائی امن کو یقینی بنانا شامل ہو ۔اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے کونسلر سید عاطف رضا نے جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر یواین جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی نظام کی ساکھ نئی یقین دہانیوں سے نہیں بلکہ موجودہ ذمہ داریوں پر عملدرآمد اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کی روک تھام سے قائم ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی سلامتی کا منظرنامہ انتہائی تشویشناک ہے، بڑی طاقتوں کے درمیان مسابقت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دیرینہ تنازعات بدستور حل طلب ہیں۔ بین الاقوامی اصولوں کا انتخابی اطلاق اور جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستوں کی بالادستی کی خواہشات عالمی امن کے لیے خطرات میں اضافہ کر رہی ہیں۔سید عاطف رضا نے کہا کہ ہمارا خطہ بھی اس امر کا مظہر ہے کہ داخلی مجبوریوں اور غیر محتاط طرز عمل سے ریاستیں تصادم کی جانب بڑھ سکتی ہیں جس کے نتیجے میں جوہری خطرات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بغیر دنیا کو جوہری خطرات میں اضافے کے ایک نئے دور کے لیے تیار رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کے مقصد کے لیے پرعزم ہے اور یہ مقصد عالمی، قابل تصدیق اور بلاامتیاز طریقے سے حاصل کیا جانا چاہیے جس میں تمام ریاستوں کی سلامتی یقینی بناتے ہوئے ہتھیاروں کی تعداد کو ممکنہ حد تک کم رکھا جائے۔پاکستانی مندوب نے جوہری تخفیف اسلحہ اور جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی چیلنجز کے منصفانہ اور مساوی حل کے لیے تمام بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستیں تخفیف اسلحہ کی ذمہ داریوں سے گریز کرتے ہوئے طاقت کے حصول اور غلبے کی کوششیں جاری رکھیں گی تو جوہری تخفیف اسلحہ کا مقصد مزید دور ہوتا جائے گا۔








