سیالکوٹ کے تھانہ کوٹلی سید امیر پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید تکنیک اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گھر میں چوری کی واردات کا سراغ لگا کر ملزم کو گرفتار کر لیا اور تمام مالِ مسروقہ برآمد کرکے بزرگ شہری کی عمر بھر کی جمع پونجی واپس دلا دی
سیالکوٹ پولیس کی کارروائی، بزرگ شہری کے گھر میں 70 لاکھ کی چوری کی بڑی واردات ٹریس ،ملزم گرفتار، مال مسروقہ طلائی زیورات و نقدی برآمد

مزید خبریں
سیالکوٹ۔30ستمبر (اے پی پی):سیالکوٹ کے تھانہ کوٹلی سید امیر پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید تکنیک اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گھر میں چوری کی واردات کا سراغ لگا کر ملزم کو گرفتار کر لیا اور تمام مالِ مسروقہ برآمد کرکے بزرگ شہری کی عمر بھر کی جمع پونجی واپس دلا دی۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق چپراڑی کے رہائشی ریٹائرڈ سرکاری ملازم غلام رسول نے پولیس کو درخواست دی تھی کہ وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ شادی کی تقریب میں گئے ہوئے تھے۔ اس دوران نامعلوم ملزم گھر کے تالے توڑ کر 13 تولے طلائی زیورات اور ایک لاکھ روپے نقدی چوری کرکے فرار ہو گیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ کوٹلی سید امیر میں دفعہ 380 ت پ کے تحت درج کیا گیا۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے بزرگ شہری کی عمر بھر کی جمع پونجی چوری ہونے کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کوٹلی سید امیر سب انسپکٹر شاہ زیب کو ملزم کی جلد گرفتاری اور مسروقہ مال کی مکمل برآمدگی کا خصوصی ٹاسک دیا۔پولیس ٹیم نے مسلسل محنت اور پیشہ ورانہ مہارت سے دستیاب شواہد کی کڑیاں ملائیں۔ مسروقہ کرنسی نوٹوں کے سیریل نمبرز کی بنیاد پر مختلف دکانوں اور دیگر ذرائع سے معلومات حاصل کی گئیں جبکہ ہیومن انٹیلی جنس اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملنے والے سراغوں کو یکجا کرتے ہوئے ملزم اسد ولد برکت علی، سکنہ چپراڑی، تک پہنچ کر اسے گرفتار کر لیا گیا۔دورانِ تفتیش ملزم سے چوری شدہ تمام 13 تولے طلائی زیورات اور نقدی کل مالیتی 70 لاکھ روپے مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا، جو قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد مدعی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ جمع پونجی واپس ملنے پر بزرگ شہری اور اہلِ خانہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیالکوٹ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ڈی پی او سیالکوٹ نے کامیاب کارروائی اور مکمل برآمدگی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیاہے ۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے پوری لگن سے کام کرتی رہے گی۔








