پاکستان کا ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے دوران تین پاکستانی شہریوں سمیت پانچ قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت

پاکستان کا ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے دوران تین پاکستانی شہریوں سمیت پانچ قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز ایم ٹی آنر 25 کی بازیابی کے آپریشن کے دوران عملے کے پانچ ارکان کی المناک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین پاکستانی شہری رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری بھی شامل ہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور عوام سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، ہم اس کربناک وقت میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو صبر، استقامت اور حوصلہ عطا فرمائے اور جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے۔چار دیگر عملہ ارکان بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں تین پاکستانی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایم ٹی آنر 25 کے زندہ بچ جانے والے عملے کو بحفاظت بندر بیلا کے ساحل پر پہنچا دیا گیا ہے۔جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم پاکستانی شہریوں کی معاونت کے لیے بندر بیلا روانہ ہو رہی ہے۔حکومت پاکستان اپنے مشن اور متعلقہ حکام کے ذریعے صومالی حکام اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی، جاں بحق افراد کی میتوں کی پاکستان منتقلی میں سہولت اور زندہ بچ جانے والے پاکستانی عملے کی بحفاظت وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں