’’سمارٹ اسلام آباد‘‘ منصوبے کے تحت آئندہ چھ ماہ میں 2500 آئی او ٹی ڈیوائسز نصب کی جائیں گی،وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ

’’سمارٹ اسلام آباد‘‘ منصوبے کے تحت آئندہ چھ ماہ میں 2500 آئی او ٹی ڈیوائسز نصب کی جائیں گی،وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اعلان کیا ہے کہ’’سمارٹ اسلام آباد‘‘ منصوبے کے تحت آئندہ چھ ماہ کے دوران وفاقی دارالحکومت بھر میں 2,500 انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی) ڈیوائسز نصب کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی اور شہری انتظام کو خودکار بنایا جا سکے۔

وہ بدھ کو ہواوے سمر آئی سی ٹی ٹریننگ پروگرام مکمل کرنے والی اسلام آباد کے سکولوں کی طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب اور اسناد تقسیم کر رہی تھیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اب ہر شعبہ زندگی اور شہری سہولیات کی فراہمی میں ناگزیر ہو چکی ہے، حکومت شہریوں کو قطاروں اور دفتری چکروں سے نجات دلانے کے لیے ون سٹاپ موبائل ایپلیکیشن اور آسان خدمت مراکز کے ذریعے تمام بلز، ٹیکسز اور سرکاری خدمات کو تیزی سے ڈیجیٹلائز کر رہی ہے جس کے ساتھ ساتھ کیپٹل میں وسیع پیمانے پر آئی او ٹی نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے تقریب میں شریک طالبات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گریڈ 7 سے سیکنڈ ایئر تک کی کم عمر طالبات نے گرمیوں کی چھٹیوں میں نہ صرف جدید آئی ٹی ٹریننگ مکمل کی بلکہ اوسطاً 25 سے 28 سرٹیفیکیشنز حاصل کیں اور اپنی عمر سے کہیں زیادہ اعلیٰ درجے کے کورسز پاس کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی 68 فیصد نوجوان آبادی اور 50 فیصد خواتین ملک کا سب سے بڑا ڈیجیٹل اثاثہ ہیں، اب وقت آ چکا ہے کہ ہمارے نوجوان محض ٹیکنالوجی کے صارفین بن کر نہ رہیں بلکہ خود ٹیکنالوجی تخلیق کرنے والے پروڈیوسرز اور ڈویلپرز بنیں۔

وفاقی وزیر نےکہا کہ جدید دور میں آئی ٹی اور سائبر سکیورٹی کا براہ راست تعلق ملکی دفاع و قومی سلامتی سے جڑ چکا ہے، اس سلسلے میں حکومت جامع سائبر سکیورٹی ایکٹ اور نئی پالیسی پر بھی تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کامیاب طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے سرمائی تعطیلات میں وزارت آئی ٹی کے پروجیکٹس میں انٹرن شپ کی پیشکش بھی کی۔