وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ، این ایچ اے کے جاری اور مجوزہ منصوبوں، ریونیومیں اضافے، روڈ سیفٹی اور ترقیاتی پروگرامز پر کا جائزہ لیا گیا
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ، این ایچ اے کے جاری اور مجوزہ منصوبوں، ریونیومیں اضافے، روڈ سیفٹی اور ترقیاتی پروگرامز پر کا جائزہ لیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری اور مجوزہ منصوبوں، ریونیومیں اضافے، روڈ سیفٹی اور ترقیاتی پروگرامز پر اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہواجس میں مختلف منصوبوں پر پیشرفت اور مالی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے نے 2 سال قبل ریونیو میں اضافے کے لئے مقرر کردہ ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا ہے اور اب جہاں سے ریونیو آ رہا ہے وہاں نئی سڑکوں کی تعمیر خود این ایچ اے کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں مکمل ہونے والے اہم منصوبوں میں لودھراں، ملتان ایکسپریس وے، پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے کی توسیع اور پشاور نادرن بائی پاس کے منصوبے شامل ہیں جن کا افتتاح وزیر اعظم کریں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بتایا کہ سیالکوٹ کھاریاں موٹروے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جبکہ کراچی، کوئٹہ، چمن پاکستان ایکسپریس وے این 25پر تعمیراتی کام بھی شروع ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے لاہور،گوجرانوالہ جی ٹی روڈ کی ناقص حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے این ایچ اے حکام کو فوری اقدام کی ہدایت کی تاکہ یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو ریلیف مل سکے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے حکام سے کہا کہ وہ نئی شاہراہوں کی تعمیر میں بہتر انجینئرنگ کے ذریعے شاہراہوں پر روڈ سیفٹی کو یقینی بنائیں کیونکہ انسانی جانوں کا مکمل تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے ایم 4 سمیت مختلف شاہراہوں کی ڈیزائننگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سڑکوں کو گرین اور ہر لحاظ سے محفوظ ہونا چاہئے جس کے لئے ہمارے انجینئرنگ سٹاف کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر موٹرویز کو محفوظ اور آرام دہ بناناہوگا۔انہوں نے روڈ انجینئرنگ اور بہتر ڈیزائنگ کے لئے این ایچ اے کو غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کہا۔
این ایچ اے کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو موٹروے ایم6کے لئے فنڈز کی فراہمی، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں جاری منصوبوں اور چاروں صوبوں میں جاری این ایچ اے کے پراجیکٹس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس ادارے کے پاس قومی شاہراہوں کا 3.13فیصد نیٹ ورک ہے جبکہ اس پر 80فیصد سے زائد ٹریفک رواں دواں ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ این ایچ اے کی طرف سے جلد وزیر اعظم کو گزشتہ اڑھائی برسوں کی کارکردگی پر پریزنٹیشن دی جائے گی۔اجلاس کو وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے مختلف منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔اجلاس میں بلوچستان کے 108 ارب روپے کے منصوبوں کے لئے وفاقی حکومت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔








