سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری
سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے اسلام آباد بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد سرکاری و عوامی اراضی کو تجاوزات سے پاک کرنا، غیر مجاز تعمیرات اور غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی روک تھام، اراضی کے غیر قانونی طور پر استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تجاوزات کے خلاف جاری مہم وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور وژن کے مطابق جبکہ چیئرمین سی ڈی اے کی موثر نگرانی میں جاری ہے۔ آپریشن کے دوران اسلام آباد میں نافذ العمل قوانین، قواعد و ضوابط، منظور شدہ لینڈ یوز پلانز اور بلڈنگ کنٹرول کی شرائط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور متعلقہ بلڈنگ کنٹرول شعبہ جات ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات، غیر مجاز تعمیرات، غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں، غیر موافق اراضی کے استعمال، منظور شدہ نقشوں کے بغیر تعمیرات اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنے اپنے علاقوں میں موقع پر موجود رہے اور تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں اور مجموعی صورتحال کی نگرانی کرتے رہے تاکہ آپریشن کو موثر ، منظم اور قانون کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔
سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ سرکاری یا عوامی اراضی پر کسی بھی قسم کی غیر قانونی تجاوزات، غیر مجاز تعمیرات یا غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی، جہاں خلاف ورزی ثابت ہوگی وہاں مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق تجاوزات کا خاتمہ، غیر قانونی تعمیرات کا انہدام، عمارت یا احاطے کو سربمہر کرنا، قابل اطلاق واجبات و چارجز کی وصولی اور قانونی کارروائی سمیت دیگر ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔
جاری آپریشن میں سرکاری اراضی، عوامی مقامات، سڑکوں کے لیے مختص اراضی، گرین ایریاز، قدرتی برساتی نالوں اور دیگر عوامی مقاصد کے لیے مختص علاقوں کے تحفظ اور واگزاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں حالیہ کارروائیوں کے دوران سرکاری اراضی کے خاطر خواہ رقبے کو تجاوزات سے واگزار بھی کرایا گیا ہے۔سی ڈی اے کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی تعمیرات اور غیر مجاز کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بھی بلڈنگ کنٹرول اور لینڈ یوز قوانین کے تحت کارروائی جاری ہے۔
ایسے تمام احاطوں اور عمارات کے خلاف مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے جہاں غیر مجاز یا غیر موافق استعمال پایا جائے۔سی ڈی اے کے مطابق جہاں نافذ العمل قوانین و ضوابط کے تحت کسی معاملے کی ریگولرائزیشن، منظوری، لینڈ یوز کی تبدیلی یا مقررہ چارجز کی ادائیگی کی قانونی گنجائش موجود ہو، ایسے معاملات کو مجاز اتھارٹی کے ذریعے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹایا جائے گا۔
اسی طرح لینڈ یوز کی تبدیلی، منظوری کے بغیر تعمیرات، اضافی کورڈ ایریا، سیٹ بیک، فلور ایریا ریشو (ایف اے آر)، ڈی سیلنگ اور دیگر ضابطہ جاتی خلاف ورزیوں سے متعلق قابل اطلاق چارجز، جہاں قانوناً وصول کیے جا سکتے ہوں، مقررہ طریقہ کار کے تحت طے اور وصول کیے جائیں گے۔سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ مقررہ چارجز کی ادائیگی یا کسی معاملے کی ریگولرائزیشن کسی بھی شخص یا احاطے کو نافذ العمل قوانین، منظور شدہ نقشوں اور بلڈنگ کنٹرول کی شرائط پر عملدرآمد سے استثنیٰ نہیں دیتی۔
ہر معاملہ متعلقہ قوانین اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے مطابق ہی نمٹایا جائے گا۔سی ڈی اے نے متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی ہے کہ تجاوزات اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف تمام کارروائیاں قانون کے مطابق اور مقررہ قانونی و انتظامی طریقہ کار مکمل کرنے کے بعد عمل میں لائی جائیں جبکہ کارروائیوں میں شفافیت، یکسانیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔
سی ڈی اے اسلام آباد بھر میں تجاوزات کے خلاف مربوط کارروائیاں جاری رکھے گا تاکہ سرکاری و عوامی اراضی کا تحفظ، غیر قانونی تعمیرات و کمرشل سرگرمیوں کی روک تھام، اراضی کے درست استعمال کو یقینی بنانے اور شہر کے منصوبہ بند تشخص کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اسلام آباد کو تجاوزات سے پاک، منظم، ماحول دوست اور بہترین منصوبہ بندی کے اصولوں کے مطابق برقرار رکھنے کے لیے قانون کے مطابق موثر اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔







