سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی چوہدری محمود بشیر ورک مرحوم کی رہائش گاہ آمد ، مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی چوہدری محمود بشیر ورک مرحوم کی رہائش گاہ آمد ، مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق وفاقی وزیر ، رکن قومی اسمبلی و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف چوہدری محمود بشیر ورک مرحوم کی رہائش گاہ پر جا کر مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی ۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ چوہدری محمود بشیر ورک مرحوم کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور بلندی درجات کیلئے دعا کی۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مرحوم کی پارلیمانی، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے بطور رکن قومی اسمبلی نہایت ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ عوامی نمائندگی کا فریضہ انجام دیا۔ چوہدری محمود بشیر ورک کا شمار ایک باصلاحیت، زیرک اور متحرک پارلیمنٹیرین میں ہوتا تھا، مرحوم نے قانون سازی، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کی وفات سے قومی اسمبلی ایک تجربہ کار اور متحرک رکن سے محروم ہوگئی ہے، مرحوم کی پارلیمانی و عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے مرحوم کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غم اور دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے چوہدری محمود بشیر ورک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمانے اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبرِ جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔

مزید خبریں