انسداد ڈینگی کے موثر اقدامات اور ان کے مثبت نتائج کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال

انسداد ڈینگی کے موثر اقدامات اور ان کے مثبت نتائج کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے موثر اقدامات اور ان کے مثبت نتائج کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے مربوط اور موثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور موثر نگرانی و بروقت کارروائی کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، ہسپتالوں کے سربراہان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور سی ڈی اے کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری اقدامات اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں ڈینگی کا سیزن عروج پر ہوتا ہے، بروقت اور پیشگی انسدادی اقدامات کے باعث ڈینگی کیسز میں کمی آئی ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صورتحال میں بہتری آنے کے باوجود انسداد ڈینگی کے اقدامات میں کسی صورت کمی نہیں ہونی چاہیے۔

ڈینگی سے بچائو کے لیے عوامی آگاہی اور احتیاطی تدابیر کو مسلسل اجاگر کیا جائے تاکہ شہریوں میں حفاظتی اقدامات کے حوالے سے شعور برقرار رہے۔وفاقی وزیر صحت نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے ڈینگی آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے۔

عوامی آگاہی کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا جائے تاکہ ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر عوام کے ذہن نشین رہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال بھی انسداد ڈینگی کے اقدامات بروقت یقینی بنانے کے لیے ابھی سے موثر حکمت عملی مرتب کی جائے، موجودہ انسداد ڈینگی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے موثر اقدامات یقینی بنائیں، نگرانی، بروقت اقدامات اور عوامی آگاہی کا عمل مسلسل جاری رہنا چاہیے۔وفاقی وزیر صحت نے فیلڈ میں انسداد ڈینگی کے لیے کام کرنے والی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

مزید خبریں