افغان طالبان رجیم کے نام نہاد وزیر برائے سرحدی امور کی الزام تراشی پر وزارتِ اطلاعات و نشریات کا سخت ردعمل
افغان طالبان رجیم کے نام نہاد وزیر برائے سرحدی امور کی الزام تراشی پر وزارتِ اطلاعات و نشریات کا سخت ردعمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات نے نام نہاد افغان وزیر برائے سرحدی امور اور طالبان حکومت کے دیگر ترجمانوں کی جانب سے نورستان میں ہونے والی لڑائی کو پاکستان سے منسوب کرنے کی کوشش کو محض خود ساختہ بیانیہ اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے جس کا مقصد دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والی افغان طالبان حکومت کو درپیش سنگین داخلی جبر، اختلافات اور عدم استحکام سے توجہ ہٹانا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ افغان طالبان کی حکومت غیر نمائندہ ہے جو افغانستان کے عوام پر بزور طاقت مسلط ہے۔ فیکٹ چیکر، وزارت اطلاعات نے بدھ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم "ایکس” پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اپنے داخلی مسائل کا ذمہ دار بیرونی عناصر کو ٹھہرانے اور پاکستان کے خلاف مسلسل بیان بازی پر مبنی یہ مضحکہ خیز بیانات دراصل اپنے مسائل سے نمٹنے میں مایوسی اور بے بسی کی عکاسی کرتے ہیں۔
بدقسمتی سے افغان طالبان دہشت گردی کی اپنی غیر اسلامی معاونت سے دانستہ طور پر غافل ہیں اور اپنے چند رہنماؤں کے ہوس اقتدار اور لالچ کی خاطر ہندوتوا ایجنڈے کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔ پیسے کے عوض ایجنسیوں کے آلہ کار بن کر خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا یہ طرزِ عمل طالبان کو صرف اور صرف خود تباہی کی اس راہ پر گامزن کر رہا ہے جو وقار اور عزتِ نفس سے یکسر عاری ہے۔ سچ ہمیشہ جھوٹ پر غالب آتا ہے۔







