حکومت بزرگ شہریوں کے احترام کو الفاظ سے بڑھ کر پالیسی سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر عملی اقدامات میں ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بزرگوں کے عالمی دن پر پیغام
حکومت بزرگ شہریوں کے احترام کو الفاظ سے بڑھ کر پالیسی سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر عملی اقدامات میں ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بزرگوں کے عالمی دن پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔یکم اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بزرگ شہریوں کے احترام کو الفاظ سے بڑھ کر پالیسی سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر عملی اقدامات میں ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے، صوبائی حکومتیں، سول سوسائٹی کی تنظیمیں اور نجی شعبہ فلاحی معاشرہ کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی کوششوں کو موثر بنانے میں بھرپور معاونت کریں۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بزرگوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ بزرگوں کے عالمی دن پر میں پاکستان اود دنیا بھر کے بزرگ شہریوں کے لیے جذبہ احترام کا اظہار کرتا ہوں، بزرگ شہریوں کی زندگی بھر کی گراں قدر خدمات کا ہماری قومی زندگی کے سماجی، معاشی اور اخلاقی تشخص کی تشکیل میں اہم کردار ہے، ہمارے بزرگ انفرادی اور اجتماعی دانش، تجربے اور اعلیٰ اقدار کے امین ہیں جنہوں نے نسلوں کی تربیت اور رہنمائی کی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بزرگ شہریوں کے احترام کو الفاظ سے بڑھ کر پالیسی سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور موثر عملی اقدامات میں ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے،
اسی تناظر میں حکومت نے بزرگ شہریوں کے سماجی اور معاشی تحفظ کو مستحکم کرنے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں، حکومت نے بزرگ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی مزید سہل بنانے کے لیے ڈیجیٹل تصدیقی عمل کو نظام کا حصہ بنایا ہے جس کے تحت بزرگ ملازمین کو لائف سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے دفاتر میں شخصی تصدیق کی زحمت اٹھانے کی بجائے گھر بیٹھے ڈیجیٹل تصدیقی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید اقدامات میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کے دائرہ کار میں توسیع اور بزرگ مستحقین کے لیے خصوصی مالی معاونت شامل ہے جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جارہی ہے،
حکومت ایسے فلاحی منصوبوں کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ کوئی بھی بزرگ شہری بنیادی سماجی تحفظ کے نظام سے محروم نہ رہے، یہ اقدامات یقیناً بزرگ شہریوں کے احترام اور سہولت پہنچانے کی حکومتی ترجیح کی عکاسی کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ عمر رسیدہ افراد کی سہولت کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے حکومت بین الاقوامی لائحہ عمل پر بھی بھرپور انداز میں عمل پیرا ہونے کے لیے کوشاں ہے جس میں اقوام متحدہ کے زیر نگرانی میڈرڈ انٹرنیشنل پلان آف ایکشن آن ایجنگ (ایم آئی پی اے اے) پر عملدرآمد سر فہرست ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قومی عزم و ترجیحات کے مطابق مربوط پالیسی فریم ورک اور مسلسل ادارہ جاتی اصلاحات کے تحت بزرگ شہریوں کے حقوق، فلاح و بہبود کے عملی اقدامات عملدرآمد کے لیے بھی کوشاں ہے، بزرگ شہریوں کے لیے صحت کی سہولیات تک رسائی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، صوبائی حکومت کے تعاون سے سرکاری نظام صحت میں بزرگوں کے لیے خصوصی طبی نگہداشت کی سہولیات کو مزید مستحکم کرنے اور بزرگ شہریوں کے لیے ہیلتھ انشورنس کوریج کو وسعت دینے پر پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں کی عزت و احترام کا ضامن اور سہولت بہم پہنچانے والے معاشرہ کی تعمیر ہی در حقیقت انسانی فلاح و بہبود کی اصل مثال ہے، بزرگ شہریوں کی معاشرتی زندگی میں تعمیری شمولیت اور سرگرمیوں میں فعال کردار سماجی ترقی کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں اس موقع پر صوبائی حکومتوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور نجی شعبے کے فلاحی معاشرہ کی تعمیر میں اہم کردار کو بھی اجاگر کرنا چاہتا ہوں اور ان متعلقہ اکائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ وفاقی حکومت کی کوششوں کو موثر بنانے میں بھرپور معاونت کریں، بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کے ساتھ ساتھ ہمدردی، احساس ذمہ داری سے آراستہ قومی معاشرے کی تعمیر مشترکہ کاوشوں سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے بزرگوں کے عزت و احترام اور نگہداشت کا خصوصی اہتمام کریں، یہی ہماری دینی تعلیمات اور ثقافتی تہذیب کا تقاضہ ہے، آئیے اپنی نسلوں کے مابین رشتوں اور باہمی احترام کو مزید مضبوط بنائیں اور ایسے سماجی مستقبل کی تعمیر کریں جس میں تمام عمر کے شہریوں کی فلاح و بہبود، وقار اور تحفظ یقینی ہو۔
C







