وفاقی وزیر داخلہ کی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو بر وقت ناکام بنانے پر فورسز کے جوانوں اور افسران کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی ستائش کی۔محسن نقوی نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 6 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ شمالی وزیرستان میں بھی بہادر جوانوں نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد خوارجیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس فیصلہ کن جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک دشمن عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا