ڈوآگو اور ٹی پی ایل میپس کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری، صحت و لوکیشن ٹیکنالوجی میں تعاون پر اتفاق
ڈوآگو اور ٹی پی ایل میپس کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری، صحت و لوکیشن ٹیکنالوجی میں تعاون پر اتفاق
اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کی معروف اومنی چینل فارمیسی چین ڈوآگو اور ڈیجیٹل میپنگ و لوکیشن انٹیلی جنس کمپنی ٹی پی ایل میپس نے صحت، ٹیکنالوجی اور لوکیشن پر مبنی خدمات کے فروغ اور صارفین کی سہولت بہتر بنانے کے لئے سٹریٹجک شراکت داری قائم کر لی۔ جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق شراکت داری کا باضابطہ اعلان دونوں اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں منعقدہ معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران کیا گیا۔معاہدے کے تحت ڈوآگو کے وسیع فارمیسی اور ہیلتھ کیئر نیٹ ورک کو ٹی پی ایل میپس کی ڈیجیٹل میپنگ، لوکیشن انٹیلی جنس، نیویگیشن اور مقام پر مبنی خدمات کی صلاحیتوں کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔
اس تعاون کا مقصد کاروباری اداروں کو صارفین تک بہتر رسائی، مقام سے متعلق خدمات میں بہتری اور صارفین کے مجموعی تجربے کو مزید مؤثر بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔شراکت داری کے ذریعے دونوں ادارے جغرافیائی ڈیٹا اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیں گے، تاکہ صارفین اور کاروباری اداروں کے لئے رسائی، سہولت اور خدمات کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔اس موقع پر ٹی پی ایل میپس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ذیشان مصطفیٰ نے کہا کہ لوکیشن انٹیلی جنس اور ہیلتھ کیئر کا امتزاج زیادہ مربوط، مؤثر اور آسان خدمات کی فراہمی کے لئے اہم مواقع پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈوآگو کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ٹی پی ایل میپس کی میپنگ اور لوکیشن بیسڈ سروسز میں مہارت کو ڈوآگو کے مضبوط ہیلتھ کیئر اور فارمیسی نیٹ ورک کے ساتھ یکجا کرنے کا موقع ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے ایسے جدید حل تلاش کرنے کے خواہاں ہیں جو کاروباری اداروں اور ان کی خدمات سے مستفید ہونے والی کمیونٹیز کے لئے عملی فوائد کا باعث بنیں۔ڈوآگو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر واصف خان نے کہا کہ ڈوآگو کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ صارفین کے لئے مستند ادویات اور ہیلتھ کیئر مصنوعات تک رسائی کو زیادہ آسان، قابل اعتماد اور مؤثر بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اومنی چینل فارمیسی چین کی حیثیت سے ڈوآگو اپنے فزیکل ریٹیل نیٹ ورک کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ساتھ مربوط کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی پی ایل میپس کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے لوکیشن پر مبنی ایسے جدید حل تلاش کرنے کا موقع ملے گا جو صارفین کی رسائی، سہولت اور مجموعی تجربے کو مزید بہتر بناسکیں۔معاہدے پر دستخط دونوں ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے والے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے جس کے ذریعے ہیلتھ کیئر اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں لوکیشن انٹیلی جنس کے نئے امکانات تلاش کئے جائیں گے۔









