مراکش کے او سی پی گروپ (Office Chrifien des Phosphates) کے وفد نے صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص صوبہ پنجاب میں زمین کی صحت
مراکش کے وفدکی سید عاشق حسین کرمانی سے ملاقات ، زمین کی صحت اور کھادوں کے متناسب و متوازن استعمال پر تعاون بارے تبادلہ خیال
لاہور۔1اکتوبر (اے پی پی):مراکش کے او سی پی گروپ (Office Chrifien des Phosphates) کے وفد نے صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص صوبہ پنجاب میں زمین کی صحت، فاسفیٹ کھادوں کے موثر استعمال اور زمین کی ضروریات کے مطابق مخصوص کھادوں کی تیاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں،سپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر،ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں،شہباز اختر،کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر محمد انجم علی و دیگر افسران موجود تھے۔ملاقات کے دوران او سی پی گروپ کے وفد نے پنجاب میں زمین کی صحت اور کھادوں کے متناسب استعمال بارے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔گروپ کے نمائندگان نے فاسفیٹ کھادوں کے استعمال اور زمین کی ضروریات کے مطابق مخصوص کھادوں کی تیاری بارے بریفنگ دی اورگندم،چاول اور کپاس سمیت دیگر اہم فصلوں کی غذائی ضروریات بارے بھی گفتگو کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ فصلوں کی غذائی ضروریات کے مطابق متوازن و متناسب کھادوں کا استعمال فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ گندم صوبہ پنجاب کی سب سے بڑی فصل ہے۔آئندہ گندم کی فصل کیلئے کھادوں کی دستیابی اولین ترجیح ہے۔سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ زمین کے تجزیے کی بنیاد پر کھادوں کا استعمال ضروری ہے۔صوبہ میں وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر لیبز آن ویل منصوبہ کے تحت کسانوں کوان کی دہلیز پر زمین کی مٹی کے تجزیہ کی سہولت دی جا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب میں زمین کی صحت میں بہتری کیلئے او سی پی گروپ کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے کہا کہ زمین کی صحت محکمہ زراعت کی ترجیحات میں سرِ فہرست ہے۔لیبز آن ویل منصوبہ سائنسی بنیادوں پر کھادوں کے متوازن و متناسب استعمال میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔









