بھارت کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن بے نقاب: مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد مقابلے میں "شہید” قرار دیا گیا ایس ایس جی کا ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف میڈیا کے سامنے پیش،بھارت دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست اور "انکاؤنٹرستان” بن چکا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

بھارت کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن بے نقاب: مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد مقابلے میں "شہید” قرار دیا گیا ایس ایس جی کا ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف میڈیا کے سامنے پیش،بھارت دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست اور "انکاؤنٹرستان” بن چکا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی ۔1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد مقابلے کے دوران پاک فوج کے سابق اہلکار کو مارنے کے جھوٹے اور من گھڑت دعوے کو مکمل طور پر بے نقاب کرتے ہوئے فالس فلیگ آپریشن کاپول کھول دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی پراپیگنڈے کے برعکس زندہ و سلامت ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف کو ملکی و بین الاقوامی میڈیا کے سامنے پیش کر کے نئی دہلی کے مضحکہ خیز دعووں کی قلعی کھول دی۔جمعرات کو جی ایچ کیو میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ 29 ستمبر کو بھارتی فوج نے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا ڈراما رچایا۔ 29 ستمبر کی شب بھارتی فوج کی کور نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے دعویٰ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے وابستہ دہشت گرد محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ کو ہلاک کر کے لاش برآمد کر لی گئی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بعد ازاں بھارتی فوج نے نیا من گھڑت دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والا شخص پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کا ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف ہے، جبکہ بھارتی میڈیا نے سروس نمبر کے ساتھ تفاصیل جاری کرتے ہوئے اس پر پہلگام سمیت متعدد حملوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی دعووں کے مطابق آصف کو ایک ایسا "سپرمین” بنا کر پیش کیا گیا جو بیک وقت درجنوں کارروائیاں کر رہا تھا، تاہم حقیقت یہ ہے کہ وہ شخص جس کے بارے میں بھارت پراپیگنڈا کر رہا ہے وہ زندہ سلامت ہمارے ساتھ موجود ہے۔اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف کو میڈیا کے روبرو پیش کیا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد آصف نے بتایا کہ ان کا تعلق ضلع اٹک کی تحصیل پنڈی گھیب سے ہے اور وہ 2023ء میں ایس ایس جی سے ریٹائرمنٹ کے بعد راولپنڈی میں رہائش پذیر ہیں اور ایک نجی سیکیورٹی کمپنی میں ملازمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، "گزشتہ روز دوستوں اور رشتہ داروں کی فون کالز موصول ہوئیں کہ بھارتی میڈیا نے مجھے مقبوضہ کشمیر میں مارے جانے کی من گھڑت خبر چلائی ہے۔ میں اپنے گھر میں صحیح سلامت موجود ہوں، بھارت کے اس سفید جھوٹ، بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔” انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ ماضی کی طرح آئندہ بھی مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت دنیا میں ریاستی دہشت گردی پھیلانے والا سب سے بڑا ملک ہے اور آج کا ہندوستان "انکاؤنٹرستان” بن چکا ہے۔

مکتی باہنی سے لے کر فتنۃ الخوارج (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی بھارتی فنڈنگ اور پشت پناہی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اس وقت دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں 10 لاکھ سے زائد قابض بھارتی فوجی تعینات ہیں اور کشمیریوں کو ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں جانے کے لیے بھی اجازت نامے درکار ہوتے ہیں۔ بھارت مقبوضہ وادی اور اپنے ملک میں اقلیتوں کے خلاف ہونے والے ریاستی مظالم اور جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان اور محمد آصف جیسے بے گناہ شہریوں پر الزامات دھر رہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ بھارتی فوج مکمل طور پر سیاسی ہو چکی ہے اور ہندوتوا کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان اپنے جغرافیائی دفاع اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، اگر دشمن نے کسی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کی کوشش کی تو افواجِ پاکستان اور پوری قوم اس کا انتہائی سخت اور منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کے دفاع و سلامتی کے حوالے سے پاکستان کا عزم پختہ اور غیر متزلزل ہے۔ مکہ الائنس اور دفاعی معاہدوں کے تحت باہمی تعاون ایک حساس اور خفیہ معاملہ ہے جس کی تفصیلات میڈیا پر زیرِ بحث نہیں لائی جا سکتیں۔

داخلی سلامتی اور آئینی امور پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افواجِ پاکستان آئین کے تابع اور ریاست کے احکامات کی پابند ہیں اور فوج کا ملکی سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ریاست ہے تو سیاست ہے”، ملکی بقا اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر کوئی سیاسی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی اور کالعدم بی ایل اے کے درمیان کوئی تفریق نہیں اور دونوں دہشت گرد گروہوں کو افغان سرزمین اور وہاں موجود عناصر کی سہولت کاری حاصل ہے جس کے تدارک کے لیے ریاست ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔

مزید خبریں