اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے مدینہ منورہ میں طیبہ پاور ڈسٹریبیوشن سٹیشن پر حوثی ملیشیا کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ جمعے کو ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کو بجلی فراہم کرنے والے انفراسٹرکچر پر قابل مذمت حملہ سنگین اشتعال انگیزی ہے اور دنیا بھر کے …
پاکستان کی مدینہ منورہ میں پاور ڈسٹریبیوشن سٹیشن پر حوثی ملیشیا کے حملے کی مذمت ،سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے مدینہ منورہ میں طیبہ پاور ڈسٹریبیوشن سٹیشن پر حوثی ملیشیا کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
جمعے کو ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کو بجلی فراہم کرنے والے انفراسٹرکچر پر قابل مذمت حملہ سنگین اشتعال انگیزی ہے اور دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے لیے گہری تشویش اور اضطراب کا باعث ہے، حرمین شریفین کے تقدس اور نمازیوں و زائرین کی سلامتی کا ہر حال میں احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے اقدامات کے فوری اور غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں جو علاقائی امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان برادر مملکت سعودی عرب کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کرتا ہے، ہم حرمین شریفین کے تحفظ، اپنے عوام کی حفاظت اور زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کی سعودی عرب کی کوششوں میں اس کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے ماضی میں بھی بھرپور کوششیں کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رکھے گا








