ایس ای سی پی کی ایف آئی اے کو ریفرنس بھیجنے کی منظوری، سرمایہ کاروں کے تقریباً 5 کروڑ روپے تاحال واجب الادا

ایس ای سی پی کی ایف آئی اے کو ریفرنس بھیجنے کی منظوری، سرمایہ کاروں کے تقریباً 5 کروڑ روپے تاحال واجب الادا

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے باگسرا سکیورٹیز کیس میں قانونی کارروائی کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو باضابطہ ریفرنس بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ باگسرا بروکریج کمپنی کا کاروبار بند ہونے کے 16 سال سے زائد عرصے گزرنے کے بعد بھی کئی سرمایہ کاروں کے تقریباً 5 کروڑ روپے کے منظور شدہ کلیمز ابھی بھی واجب الادا ہے۔

ایس ای سی پی کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق کمیشن نے ریفرنس بھیجنے کی منظوری ایس ای سی پی ایکٹ، 1997 کی دفعہ 41 بی کے تحت دی گئی ہے، جس کے بعد ایف آئی اے سرمایہ کاروں کے حصص ان کی اجازت کے بغیر منتقل کرنے کے الزامات پر باضابطہ قانونی کارروائی مکمل کر سکے گا۔ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں کی شکایات پر مارچ 2010 میں انکوائری شروع کی تھی۔

اکتوبر 2013 میں مکمل ہونے والی انکوائری میں سامنے آیا کہ قرض حاصل کرنے اور تجارتی مارجن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے صارفین کے حصص ان کی رضامندی کے بغیر منتقل اور گروی رکھے گئے۔ حاصل کردہ رقم سے بعض منتخب صارفین کو دوسروں کے نقصان پر فائدہ پہنچایا گیا۔

تحقیقات کے مطابق جولائی 2007 سے مارچ 2010 کے دوران مجموعی طور پر 17 کروڑ 62 لاکھ سے زائد حصص گروی رکھے گئے تھے، جن میں صارفین کے حصص بھی شامل تھے۔ برکریج ہاوس کی جانب سے عدم ادائیگی کے بعد بینکوں اور اسٹاک ایکسچینج نے گروی رکھے گئے حصص فروخت کر دئے ۔ نیشنل کلئیرنگ کمپنی اور اسٹاک ایکسچینج نے باگسرا سکیورٹیز کو نادہندہ قرار دے دیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 333 سرمایہ کاروں کے 14 کروڑ 55 لاکھ روپے کے کلیمز کی تصدیق کی اور کمپنی کا ممبرشپ کارڈ فروخت کرکے سرمایہ کاروں کے کلیمز کی ادائیگی کا عمل شروع کیا۔ کل تصدیق شدہ کلمیز میں سے 9 کروڑ 65 لاکھ 70 ہزار روپے ادا کیے گئے، تاہم 4 کروڑ 89 لاکھ 30 ہزار روپے تاحال واجب الادا ہیں۔

ایس ای سی پی کی جانب سے ایف آئی اے کو ریفرنس بھجوانے کا مقصد سرمایہ کاروں کے واجبات کی وصولی کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے، تاکہ 16 سال سے زائد عرصے سے ادائیگی کے منتظر سرمایہ کاروں کے کلیمز نمٹانے میں مدد مل سکے۔