لاہور ٹریفک پولیس کا جان لیوا حادثات میں ملوث گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس، روٹ پرمٹس اور ڈرائیونگ لائسنس چیک کرنے کا حکم
لاہور ٹریفک پولیس کا جان لیوا حادثات میں ملوث گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس، روٹ پرمٹس اور ڈرائیونگ لائسنس چیک کرنے کا حکم

مزید خبریں
لاہور۔4اکتوبر (اے پی پی):لاہور ٹریفک پولیس نے جان لیوا حادثات کی روک تھام کے لیے کیٹگری وائز گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کرلیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے جان لیوا حادثات میں ملوث گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس، روٹ پرمٹس اور ڈرائیونگ لائسنس چیک کرنے کا حکم دے دیا۔سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر میں82 لاکھ 60 ہزار سےزیادہ وہیکلز رجسٹرڈ ہیں، تاہم بعض گاڑیوں کی حادثات میں شمولیت ان کے رجسٹرڈ حجم کے مقابلے میں غیر متناسب طور پر زیادہ ہے۔
ٹرک و ڈمپر رجسٹرڈ گاڑیوں کا صرف0.6 فیصد ہیں لیکن جان لیوا حادثات میں 10 فیصد ملوث پائے گئے، جبکہ ٹریکٹر ٹرالیاں 0.9 فیصد رجسٹرڈ ہونے کے باوجود10 فیصد جان لیوا حادثات کا باعث بنیں۔پک اپ، مزدا، اے پی وی، ٹریلر اور منی ٹرک بھی اپنے رجسٹرڈ حجم کے مقابلے میں جان لیوا حادثات میں نمایاں طور پر زیادہ ملوث رہے۔
موٹر سائیکلیں 68.6 فیصد رجسٹرڈ وہیکلز ہیں جبکہ جان لیوا حادثات میں ان کی شمولیت 72 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ سی ٹی او لاہور نے حادثات میں اپنے رجسٹرڈ حجم سے غیر متناسب طور پر ملوث کیٹگریز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔







