سعودی عرب مسلسل چوتھے سال کھجوروں کی برآمدات میں سرفہرست
سعودی عرب مسلسل چوتھے سال کھجوروں کی برآمدات میں سرفہرست

مزید خبریں
ریاض۔4اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب نے 2025 میں کھجوروں کی برآمدات میں مسلسل چوتھے برس پہلے نمبر پر رہا ہے۔اردو نیوز کے مطابق مملکت کی طرف سے گزشتہ سال کے دوران برآمد کی جانے والی کھجوروں کی مالیت 1.938 ارب ریال (517.7) ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔انٹرنیشنل ورڈ ٹریڈ سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق سعودی عرب کھجوروں کی مالیت کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا برامد کنندہ ہے جو دنیا کے 125 سے زیادہ ممالک کو کھجوریں برآمد کرتا ہے۔ اعلٰی معیار، منتوع اقسام اور پراسیس مصنوعات کی وسیع رینج کے باعث سعودی کھجوروں کی طلب بڑھ رہی ہے۔
گزشتہ سال برآمد کی جانے والی کھجوروں کی مالیت 2024 کے مقابلے میں 14.3 فیصد زیادہ اور 2021 کے بعد سے 59.5 فیصد نمایاں اضافہ ہےجو سعودی وژن 2030 کے تحت زرعی جی ڈی پی میں اس شعبے کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتا ہے۔سعودی نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس کے سی ای او نےبتایا یہ کامیابی سعودی قیادت کی مسلسل سپورٹ، حکومتی اداروں، نجی شعبے اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا ان کوششوں نے سپلائی چین کو بہتر بنانے برآمدات کی کارکردگی اور سعودی کھجوروں کو بین الاقوامی مارکیٹوں میں پہنچانے میں مدد دی ہے۔
مملکت کے مختلف علاقوں میں کھجور کے 37 ملین سے زیادہ درخت ہیں جن سے سالانہ پیداوار 1.9 ملین ٹن سے تجاوز کر گئی ہے۔نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس اس شعبے میں ویلیو چین کو جدید بنانے اور انٹرنیشنل ریٹیل مارکیٹ میں سعودی کھجوروں کی موجودگی کو بڑھانے کے لیے مختلف پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔ مملکت میں حکومتی سطح پر مقامی کھجور کمپنیوں کی سپورٹ کی گئی اور انٹرنیشنل مارکیٹنگ کی رسائی کو وسیع کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کھجور کی پیداوار عالمی پیداوار کا تقریبا 17 فیصد ہے ۔








