پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم اساتذہ 5 اکتوبر کو منایا جائے گا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم اساتذہ 5 اکتوبر کو منایا جائے گا

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم اساتذہ (ورلڈ ٹیچرز ڈے)کل 5 اکتوبر بروز پیر کو منایا جائے گا۔ اس موقع پر فیصل آباد سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات، واکس، سیمینارز، کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد اساتذہ کی خدمات کو سلام اور ملک و قوم کیلئے نئی تعلیم یافتہ نسل پیدا کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرناہے۔
اس موقع پر اساتذہ کے مسائل بھی اجاگر کئے جائیں گے تاکہ ان کے حل کیلئے اقدامات کر کے اساتذہ کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور وہ یکسوئی کے ساتھ نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کر سکیں۔
عالمی یوم اساتذہ منانے کا بنیادی مقصد اساتذہ کے کردار اور اہمیت کو اجاگر کرنا، انہیں تعلیمی شعبے میں مزید مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرنا اور اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ اساتذہ مستقبل کے معماروں کی تعلیمی و تربیتی ضروریات پوری کرنے میں اپنا کردار بھرپور انداز میں جاری رکھیں۔
اس موقع پر قومی اخبارات اساتذہ کی اہمیت اور کردار کے حوالے سے خصوصی مضامین شائع کریں گے جبکہ الیکٹرانک میڈیا پر بھی خصوصی رپورٹس نشر کی جائیں گی۔








