پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز (پی پی پی پی)کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی منی پاکستان ہے، ملک کے کسی بھی حصے میں بدامنی کے اثرات کراچی تک پہنچتے ہیں۔ پی پی پی پی میڈیا سیل کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان …
دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے، شازیہ مری

مزید خبریں
اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز (پی پی پی پی)کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی منی پاکستان ہے، ملک کے کسی بھی حصے میں بدامنی کے اثرات کراچی تک پہنچتے ہیں۔ پی پی پی پی میڈیا سیل کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال تشویشناک ہے،دہشتگردی پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے اثرات پورے ملک بشمول کراچی تک پھیل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہر فورم پر باور کراچکے ہیں کہ دہشتگردی پیپلز پارٹی کے لیے ریڈ لائن ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ شازیہ مری نے کہا کہ دہشتگردی کو سیاسی عینک سے نہیں بلکہ قومی سلامتی کے مسئلے کے طور پر دیکھا جائے،دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تمام سیاسی جماعتیں اور ریاستی ادارے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے وفاقی اور خیبر پختونخوا حکومت پر زور دیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کے لیے تحریری معاہدہ کریں،چیئرمین پی پی پی کا موقف ہے کہ آئینی اقدامات سے پہلے سیاسی مذاکرات کے تمام ممکنہ راستے اختیار کیے جائیں،پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرکے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے۔بلاول بھٹو نے واضح کہا ہے کہ سیاسی اختلافات اور دہشتگردی کے خلاف قومی مفاد کو الگ الگ رکھا جائے، دہشتگردی پاکستان کے وجود کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ پڑوسی ممالک سے دہشتگرد گروہوں کو ملنے والی معاونت پاکستان کی سلامتی کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے مسلسل واقعات کے باوجود سیاسی احتجاج جاری رہنا تشویشناک ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں مذاکرات کو کامیاب بنائیں تاکہ ملک کو سیاسی عدم استحکام سے بچایا جاسکے،سیاسی استحکام کے ذریعے دہشتگردی کا مؤثر مقابلہ اور عوامی ترقی کے منصوبوں کا تسلسل ممکن ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں بے شمار قربانیاں دے چکی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور پیپلز پارٹی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام آئینی راستے اختیار کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی یا گورنر راج جیسی صورتحال پیدا ہونے سے پہلے سیاسی حل نکالنا تمام جمہوری قوتوں کی ذمہ داری ہے،پاکستان کی سلامتی، جمہوریت اور تمام صوبوں کے مفاد میں سیاسی مذاکرات کی کامیابی ناگزیر ہے۔








