چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک بھر کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ پاکستان کی فکری، سماجی اور معاشی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اتوار کوعالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اساتذہ صرف علم منتقل نہیں کرتے بلکہ طلبہ میں جستجو، اعتماد اور معاشرے و ملک کے لیے ذمہ داری کا شعور …
چیئرمین سینیٹ گیلانی کا اساتذہ کو خراجِ تحسین، ملکی مستقبل کی تشکیل میں کردار کو سراہا

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک بھر کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ پاکستان کی فکری، سماجی اور معاشی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اتوار کوعالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اساتذہ صرف علم منتقل نہیں کرتے بلکہ طلبہ میں جستجو، اعتماد اور معاشرے و ملک کے لیے ذمہ داری کا شعور بھی اجاگر کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے سماجی اورٹیکنالوجی کے ماحول میں ایسا نظامِ تعلیم ضروری ہے جو تخلیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ، جدت اور ذمہ دارانہ شہریت کو فروغ دے۔
انہوں نے اساتذہ کو جدید تعلیمی وسائل، مسلسل پیشہ ورانہ تربیت اور سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ نئی نسل کومستقبل کے مواقع اور چیلنجز کے لیے مؤثر طور پر تیار کر سکیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے معیاری تعلیم کے فروغ اورنوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے پارلیمان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ملک بھر کے سکولوں، کالجوں اور جامعات میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی محنت اور خلوص کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو معاشرہ علم اور علم بانٹنے والوں کااحترام کرتا ہے، وہ اپنے لیے مضبوط، پُراعتماد اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھتا ہے۔








