پاکستان مسلم لیگ (قیوم) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل انور نے ملک اور دنیا بھر میں نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے مقدس فریضے پر مامور اساتذہ کرام کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے
اساتذہ کے لیے ای او بی آئی، مفت علاج اور تنخواہوں میں اضافے کیا جائے،فیصل انور

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (قیوم) کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات فیصل انور نے ملک اور دنیا بھر میں نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے مقدس فریضے پر مامور اساتذہ کرام کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ استاد محض نصابی کتب نہیں پڑھاتا بلکہ فکری اور نظریاتی بنیادوں پر اقوام کی تعمیر کرتا ہے، اس لیے ان کی عظیم قومی خدمات کا اعتراف وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں فیصل انور نے حکومت پر زور دیا کہ اساتذہ کو درپیش معاشی و سماجی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرکاری، نیم سرکاری اور نجی شعبے کے تمام اساتذہ کے لیے بلا تفریق ای او بی آئی پنشن اور مفت علاج معالجے کی سہولتوں کا فوری اعلان کرے تاکہ وہ معاشی بے یقینی سے نکل سکیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے پیش نظر اساتذہ کی تنخواہوں اور مراعات میں فوری و خاطر خواہ اضافہ کیا جائے جبکہ سرکاری تعلیمی اداروں کے تدریسی عملے کو جدید ترین پیشہ ورانہ تربیت اور کلاس رومز میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔ فیصل انور کا کہنا تھا کہ استاد کو معاشی تحفظ اور معاشرے میں وقار دیے بغیر تعلیمی انقلاب کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، کیونکہ مطمئن استاد ہی روشن اور باصلاحیت نسلیں پروان چڑھا سکتا ہے۔








