تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں اے این ایف کا بڑا کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلروں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف میں 7 کامیاب آپریشنز کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

راولپنڈی ۔5اکتوبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلروں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف میں 7 کامیاب آپریشنز کے دوران 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

کارروائیوں کے دوران بین الاقوامی اور ملکی مارکیٹ میں 85 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 34.317 کلوگرام مختلف اقسام کی منشیات اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق نوجوان نسل خصوصاً طلبہ کو نشے کی لعنت سے بچانے کے لیے جی ٹی روڈ راولپنڈی پر یونیورسٹی کے قریب چھاپہ مار کر ایک ملزم کو 1.4 کلوگرام چرس سمیت حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات سپلائی اور فروخت کرنے کا باقاعدہ اعتراف کیا ہے۔

ہوائی اڈوں پر سمگلنگ کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریاض جانے والے ایک مسافر کی واسکٹ میں مہارت سے جذب کی گئی 1.072 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر شارجہ کی پرواز کے مسافر کے دستی بیگ سے 745 گرام وزنی 1080 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کر کے دونوں مسافروں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔اندرون ملک ترسیل کے خلاف کارروائیوں میں فیض آباد بس ٹرمینل کے قریب گیزر کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 12 کلوگرام چرس، ہیڈ محمد والا انٹرچینج ملتان کے قریب ایک مشکوک گاڑی سے 10 کلوگرام آئس جبکہ ظفروال روڈ سیالکوٹ پر موٹر سائیکل سوار سے 6.5 کلوگرام چرس اور پسٹل برآمد کیا گیا۔

ادھر چونگی نمبر 26 اسلام آباد پر ناکہ بندی کے دوران ایک گاڑی سے 1.4 کلوگرام افیون، 1.2 کلوگرام چرس اور بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ ضبط کر کے 4 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔