اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق انہیں اس دورے کی دعوت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دی ہے۔دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل صدر مملکت، وزیراعظم ، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقاتیں کریں گے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے بھارت و پاکستان میں فوجی مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) پاکستان میں بریفنگ میں شرکت کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل دورے کے دوران دیگر مصروفیات میں بھی شرکت کریں گے، جہاں کثیرالجہتی نظام کے فروغ، بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں، نیز آفات سے نمٹنے کی تیاری اور ابتدائی انتباہ کے نظام کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت کو اجاگر کیا جائے گا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان، اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعاون کا اعادہ کرنے اور علاقائی و بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
یہ دورہ بین الاقوامی امن و ترقی کے شعبوں میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی مؤثر قیادت اور اہم خدمات کو سراہنے کا بھی موقع فراہم کرے گا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا آئندہ دورہ اقوام متحدہ کو مرکزیت حاصل ہونے والے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد و اصولوں سے اس کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔








