وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں،نوجوان نسل کو جدید تعلیم و تحقیق سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال پبلک سکول میں ٹیچرز ڈے کی تقریب سے خطاب اور روبوٹکس لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اساتذہ قوم کے حقیقی معمار ہیں،ملکی ترقی کیلئے نوجوان نسل کو جدید تعلیم و تحقیق سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی

مزید خبریں
لاہور۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں،نوجوان نسل کو جدید تعلیم و تحقیق سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال پبلک سکول میں ٹیچرز ڈے کی تقریب سے خطاب اور روبوٹکس لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اساتذہ قوم کے حقیقی معمار اور ملت کے روحانی محسن ہیں،آج کے دورِ علم و آگہی میں استاد کا کردار محض تدریس تک محدود نہیں بلکہ وہ ایسے با کردار، با شعور شہری پیدا کرتے ہیں جو قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھے ڈاکٹر، کامیاب وکیل اور بہترین محقق کی کامیابی کے پیچھے استاد کا بنیادی کردار ہوتا ہے، استاد صرف نوکری نہیں بلکہ ایک مشن انجام دیتا ہے، اس کے کردار اور تدریس سے معاشرے کی سمت متعین ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں علم کی رفتار انتہائی تیز ہوگئی ہے اور مصنوعی ذہانت دنیا کو تبدیل کررہی ہے، اس لیے اساتذہ کو بھی اپنا مطالعہ بڑھانا ہوگا، علم اب صرف کتابوں تک محدود نہیں بلکہ انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا بھر کی جامعات کی تحقیقات اور علمی مواد گھر بیٹھے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
احسن اقبال نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں اور انہیں محض کتابیں پڑھنے کے بجائے کتابیں لکھنے، تحقیق کرنے اور مسائل کے حل تلاش کرنے کے قابل بنائیں، استاد خود بچوں کے لیے عملی مثال بنے اور ایسا تعلیمی ماحول پیدا کرے جہاں طالب علم شوق سے نیا علم حاصل کریں۔ احسن اقبال نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹر سائنسز کے میدان میں تیزی سے پیش رفت ہورہی ہے، نوجوانوں کو ان شعبوں میں مہارت حاصل کرنا ہوگی،علم مسلسل تبدیل ہورہا ہے اور نئی اختراعات سامنے آرہی ہیں، اس لیے نئے علم سے مسلسل آگاہی ناگزیر ہے بصورت دیگر پرانا علم بھی کارآمد نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب مسلمان علم اور سائنس میں دنیا کی قیادت کررہے تھے اور خلائی شعبے میں بھی سب سے آگے تھے لیکن جب علم سے رشتہ کمزور ہوا تو قیادت مغرب منتقل ہوگئی، ہمیں دوبارہ علم، تحقیق اور اختراع سے اپنا رشتہ مضبوط کرنا ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے نوجوان نسل کو جدید تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور تحقیق سے آراستہ کرنا ہوگا، حکومت اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کامیاب معاشرہ وہی ہوتا ہے جو اختلاف رائے کو ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھائے، تعصب اور نفرت انسان کے شعور اور ذہنی صلاحیت کو متاثر کرتے ہیں، اس لیے مستقبل کی نسل کو نفرت اور تعصب کے بیج سے پاک رکھنا ہمارا قومی فرض ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے مثبت استعمال، تحقیق اور تصدیق شدہ معلومات کی طرف راغب کرنا ہوگا اور معاشرے کو امن، ترقی اور استحکام کی بنیاد پر آگے بڑھانا ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف ڈگریاں حاصل کرنا نہیں بلکہ ایسے باصلاحیت شہری تیار کرنا ہے جو اپنے علاقے اور ملک کے مسائل کو سمجھ کر ان کے حل تلاش کرسکیں۔








