پاکستان، آسٹریلیا کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے سیکرٹری جمیل احمد قریشی نے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین اور سیاسی و اقتصادی امور کے سیکرٹری جیگر کونینڈارس سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے، سرمایہ کاری …

اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے سیکرٹری جمیل احمد قریشی نے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین اور سیاسی و اقتصادی امور کے سیکرٹری جیگر کونینڈارس سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے، سرمایہ کاری کے مواقع وسعت دینے، کاروباری شراکت داری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

شرکاء نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں موجود بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری امکانات اور آسٹریلوی کاروباری اداروں کے لیے دستیاب مواقع کا جائزہ بھی لیا۔ سیکرٹری ایس آئی ایف سی نے کونسل کے سرمایہ کاری سہولت کاری کے مربوط نظام اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک موثر اور سرمایہ کار دوست پلیٹ فارم فراہم کرنے کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایس آئی ایف سی وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی، سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور منصوبوں کی عملی پیش رفت میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں آسٹریلوی سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کے امکانات پر بھی بات ہوئی۔

دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ نجی شعبے کے درمیان روابط میں اضافہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر اور سیاسی و اقتصادی امور کے سیکرٹری نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط مزید مضبوط بنانے اور باہمی طور پر مفید کاروباری مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ایس آئی ایف سی عالمی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو پاکستان کے سرمایہ کاری مواقع سے جوڑنے اور تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے موثر بین الاقوامی شراکت داریوں کی سہولت کاری جاری رکھے ہوئے ہے۔