سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے 5 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے، قوم کو اپنی بہادر سکیورٹی فورسز پر فخر ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے، دہشتگردی کےمکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔