پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران دوطرفہ تجارت میں اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان کے ادارہ برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا اگست 2026 کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مجموعی دوطرفہ تجارت کا حجم 1.663 ارب ڈالر رہا۔مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان کی متحدہ عرب امارات کو برآمدات 364.994 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 320.781 ملین ڈالر کے مقابلے میں 13.78 فیصد زیادہ ہے ۔اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے 1.298 ارب ڈالر کی اشیا درآمد کیں۔ ماہانہ بنیادوں پر اگست 2026 میں متحدہ عرب امارات کو پاکستان کی برآمدات 170.984 ملین ڈالر رہیں جبکہ جولائی میں یہ حجم 194.009 ملین ڈالر تھا۔ملکی سطح پر متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں دبئی پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی منڈی رہا۔ جولائی تا اگست 2026 کے دوران دبئی کو پاکستان کی برآمدات 314.469 ملین ڈالر رہیں، جو متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستان کی مجموعی برآمدات کا تقریباً 86.2 فیصد بنتی ہیں۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دبئی کو 294.493 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ ابوظہبی پاکستان کی برآمدات کے حوالے سے دوسری بڑی منڈی رہی، جہاں زیر جائزہ مدت میں برآمدات کا حجم 36.704 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 63 فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ سال کی اسی مدت میں ابوظہبی کو 22.510 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا اگست 2026 کے دوران عجمان کو پاکستان کی برآمدات 5.476 ملین ڈالر، فجیرہ 4.601 ملین ڈالر، شارجہ 3.024 ملین ڈالر اور راس الخیمہ کو 0.720 ملین ڈالر رہیں۔ درآمدات کے لحاظ سے بھی دبئی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی مرکز رہا۔ زیر جائزہ مدت کے دوران دبئی سے پاکستان کی درآمدات 1.123 ارب ڈالر رہیں۔ ابوظہبی سے درآمدات کا حجم 172.608 ملین ڈالر، فجیرہ سے 1.135 ملین ڈالر، عجمان سے 1.041 ملین ڈالر، شارجہ سے 0.641 ملین ڈالر، راس الخیمہ سے 0.045 ملین ڈالر جبکہ ام القوین سے درآمدات 0.052 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں مجموعی طور پر وسعت دیکھی گئی ہے، جس میں پاکستانی برآمدات میں دو ہندسوں کی شرح سے اضافہ نمایاں ہے








