ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر این سی سی آئی اے راولپنڈی کی جانب سے سائبر جرائم کی روک تھام اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک پُروقار آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا
راولپنڈی میں این سی سی آئی اے کے زیرِ اہتمام سائبر کرائمز کے خلاف آگاہی واک کا انعقاد

مزید خبریں
راولپنڈی۔6اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر این سی سی آئی اے راولپنڈی کی جانب سے سائبر جرائم کی روک تھام اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک پُروقار آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔آگاہی واک میں این سی سی آئی اے کے سینئر افسران، اہلکاروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واک کا بنیادی مقصد عام شہریوں کو تیزی سے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل جرائم، آن لائن مالیاتی فراڈ، سائبر ہراسانی، بلیک میلنگ اور سوشل میڈیا کے ذریعے کیے جانے والے دھوکہ دہی کے ہتھکنڈوں سے محفوظ رہنے کے طریقوں سے روشناس کرانا تھا۔اس موقع پر ایجنسی کے حکام نے شرکااور عوام پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل دنیا اور سوشل میڈیا کے استعمال میں انتہائی محتاط اور ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں، اپنے پاس ورڈز، او ٹی پی اور ذاتی ڈیٹا کو ہرگز غیر متعلقہ افراد کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ حکام نے واضح کیا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، مالی دھوکہ دہی یا سائبر ہراسانی کی صورت میں خاموش رہنے یا بلیک میلرز کے آگے جھکنے کے بجائے فوری طور پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی سے رجوع کریں اور بر وقت اپنی شکایات درج کروائیں تاکہ قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔








