بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت کا وقت 15 اکتوبر تا15 نومبر ہے،ترجمان

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت کا وقت 15 اکتوبر تا15 نومبر ہے۔کاشتکارگندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے لئے محکمہ زراعت پنجاب کی منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں

لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ بارانی علاقوں میں گندم کی کاشت کا وقت 15 اکتوبر تا15 نومبر ہے۔کاشتکارگندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے لئے محکمہ زراعت پنجاب کی منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں۔ترجمان نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ کاشتکار بارانی علاقوں میں منظور شدہ اقسام شیراز23،عروج 22،نشان21،ایم اے21،مرکز19،بارانی17،فتح جنگ16اورپاکستان13کاشت کریں۔

بارانی علاقوں کے کاشتکار گندم کی بوائی کیلئے 40 تا50 کلوگرام فی ایکڑ بیج استعمال کریں نیزبیج کے اگا کی شرح 85 فیصد سے کم نہیں ہونی چاہیے۔بصور ت دیگر شرح بیج میں مناسب اضافہ کرلینا چاہیے۔ گندم کی فصل کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے بیج کو کاشت سے پہلے محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے زہر آلود کر لیں۔