وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا پاکستان کے پہلے ہائی ٹیک خودکار بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ کا افتتاح

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (این اے آر سی ) میں قائم پاکستان کے پہلے ہائی ٹیک خودکار بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ جدید سہولت ہنی بی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں قائم کی گئی ہے اور اس کا مقصد ملک میں شہد بانی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، معیاری …

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر (این اے آر سی ) میں قائم پاکستان کے پہلے ہائی ٹیک خودکار بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ جدید سہولت ہنی بی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں قائم کی گئی ہے اور اس کا مقصد ملک میں شہد بانی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، معیاری بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹس کی مقامی سطح پر تیاری کو فروغ دینا اور شہد بانوں کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ منگل کو افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان میں جدید بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ کا قیام شہد بانی کے شعبے کی ترقی میں ایک اہم پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہد کی مکھیاں نہ صرف شہد کی پیداوار بلکہ فصلوں کی پولینیشن، زرعی پیداوار میں اضافے اور قومی غذائی تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید خودکار یونٹ کے قیام سے مقامی شہد بانوں کو معیاری بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹس دستیاب ہوں گی جس سے شہد کی پیداوار اور معیار میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقہ کار کو ملک بھر کے شہد بانوں، خصوصاً چھوٹے کاروباری افراد اور نوجوانوں تک پہنچایا جائے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان میں مختلف اقسام کے اعلیٰ معیار کے شہد کی پیداوار کی وسیع صلاحیت موجود ہے، اس صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ معیار، سرٹیفکیشن، ٹریس ایبلٹی، ویلیو ایڈیشن، جدید پیکیجنگ اور مؤثر مارکیٹنگ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہد کو عالمی منڈیوں میں زیادہ مؤثر انداز میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے، یورپ، جاپان اور شمالی امریکہ سمیت اعلیٰ قدر والی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بڑھانا اہم ہدف ہونا چاہئے، بہتر معیار اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے نہ صرف شہد کی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ کسانوں، شہد بانوں اور اس شعبے سے وابستہ کاروباری افراد کی آمدن بھی بڑھائی جا سکتی ہے

وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شہد بانی کو ایک جدید اور ابھرتے ہوئے زرعی کاروبار کے طور پر اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، تربیت اور مارکیٹ تک بہتر رسائی کے ذریعے شہد بانی نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کا ذکر کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور دیرینہ دوستی پر قائم ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے زرعی اور دیہی ترقی کے شعبے میں ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) کے کردار اور تعاون کو سراہا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، شہد بانی اور دیہی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جدید بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ پاکستان میں شہد بانی کی صنعت کو جدید بنانے، مقامی استعداد بڑھانے اور عالمی منڈی میں پاکستانی شہد کی مسابقت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ تقریب کے دوران وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے جدید بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹ مینوفیکچرنگ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا، مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور یونٹ میں نصب جدید مشینری اور بیز ویکس فاؤنڈیشن شیٹس کی تیاری کے عمل کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔