سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مقامی طور پر تیار کیے گئے فتح4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کے کامیاب تجربے پر قوم، مسلح افواج، سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔ منگل کو اپنے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ فتح4 کے توسیع شدہ ورژن کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور ملکی دفاعی ٹیکنالوجی میں اہم پیش رفت ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی فتح 4کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم و مسلح افواج کو مبارکباد
اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مقامی طور پر تیار کیے گئے فتح4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیع شدہ ورژن کے کامیاب تجربے پر قوم، مسلح افواج، سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے۔ منگل کو اپنے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ فتح4 کے توسیع شدہ ورژن کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور ملکی دفاعی ٹیکنالوجی میں اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ایویونکس اور جدید ترین نیویگیشنل آلات سے لیس فتح4 کے توسیع شدہ ورژن کا کامیاب تجربہ ملکی دفاعی صنعت کی فنی استعداد اور خود انحصاری کا عکاس ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت سائنس دانوں، انجینئرز اور دفاعی ماہرین نے اپنی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم سے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں خود انحصاری ملکی سلامتی اور قومی دفاع کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کامیاب تجربے پر پاک فوج کے افسران، سائنس دانوں، انجینئرز اور متعلقہ اداروں کے ماہرین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی فنی مہارت، لگن اور قومی جذبے کو سراہا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے پاکستان کو مزید کامیابیاں عطا فرمانے کی دعا کی۔









