وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، ملاقات میں آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دہشت گردی کے خلاف خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی انجینئر امیر مقام سے ملاقات میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی، ملاقات میں آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، ہماری خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری امور اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیراعظم نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے.








