پاکستان،انگلینڈ اور سری لنکاسیریز میں بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی،بلال صدیق کمیانہ

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پاکستان،انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹرائی نیشن سیریز کے دوران کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی،کرکٹ سیریز کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں

لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پاکستان،انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ٹرائی نیشن سیریز کے دوران کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی،کرکٹ سیریز کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔وہ ماڈل ٹائون اور کینٹ ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی انوسٹی گیشن ذیشان رضا،ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران،ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد نوید اور ایس ایس پی آپریشنز عبداللہ احمد سمیت ماڈل ٹائون اور کینٹ ڈویژن کے ایس پیز،اے ایس پیز،سرکل افسران،ایس ایچ اوز اور انچارجز انوسٹی گیشن نے شرکت کی۔سی سی پی او لاہور نے پتنگ بازی کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او جوابدہ ہوگا۔ انہوں نے سود خور عناصر کےخلاف کریک ڈائون جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا مالی استحصال کرنے والے سود خور عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے چوری اور نقب زنی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور موثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے پولیس دفاتر آنے والے سائلین کی عزت نفس کا خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا اور قانون و میرٹ کے مطابق ان کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں