نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک ہونے والے ایم ٹی آنر 25 کے پاکستانی عملے کے باقی 3 ارکان بھی آج ادیس ابابا سے بحفاظت کراچی واپس پہنچنے کے لیے روانہ ہو رہے ہیں
آئی ایم ٹی آنر 25 کے پاکستانی عملے کے مزید 3 ارکان وطن واپسی کے لیے روانہ، دفتر خارجہ اور حکومت نے بحفاظت وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

مزید خبریں
اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک ہونے والے ایم ٹی آنر 25 کے پاکستانی عملے کے باقی 3 ارکان بھی آج ادیس ابابا سے بحفاظت کراچی واپس پہنچنے کے لیے روانہ ہو رہے ہیں ۔بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنی پوسٹ میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ ایم ٹی آنر 25 کے پاکستانی عملے کے باقی ارکان عمران علی، حسین یوسف اور محمد یاسین آج ادیس ابابا سے بحفاظت کراچی واپسی کے لیے روانہ ہو رہے ہیں اور وہ اپنے اہل خانہ سے دوبارہ ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادیس ابابا میں پاکستان کے سفیر نے تینوں ارکان سے ملاقات کی اور ادیس ابابا میں قیام کے دوران انہیں تمام ضروری سہولیات اور خدمات کی فراہمی یقینی بنائی ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ دفتر خارجہ اور حکومت پاکستان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی عملے کے تمام ارکان کی بحفاظت وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی۔انہوں نے ان کوششوں میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ ہم اپنے لوگوں کی بحفاظت واپسی پر خوش ہیں تاہم پاکستانی عملے کے 3 ارکان کے جاں بحق ہونے پر ہمیں گہرا دکھ ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و استقامت دے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحری قزاقی کے خلاف کارروائی اور سمندری عملے اور بحری راستوں کی حفاظت و سلامتی یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر قائم ہے۔







