خیبرپختونخوا میں محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کی کارروائیاں، دو ملزمان سے 25 کلو 700 گرام منشیات برآمد
خیبرپختونخوا میں محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کی کارروائیاں، دو ملزمان سے 25 کلو 700 گرام منشیات برآمد

مزید خبریں
پشاور۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے ضلع خیبر اور پشاور میں مختلف کارروائیوں کے دوران 25 کلو 700 گرام منشیات برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ برآمد ہونے والی منشیات میں 20 کلو 900 گرام چرس، 4 کلو 800 گرام چرس اور ایک کلو 500 گرام ہیروئن شامل ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور صوبائی وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی جاری کردہ ہدایات کے تحت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں متعلقہ ایکسائز ٹیمیں منشیات کی ترسیل اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر کارروائیاں عمل میں لا رہی ہیں۔
محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق تھانہ ایکسائز خیبر کی ٹیم نے ایس ایچ او علی جان خان کی قیادت میں خفیہ اطلاع پر شاہ کس روڈ پر ایک اہم کارروائی عمل میں لائی جس کےدوران بلا نمبر لوڈر رکشہ کو روک کر تلاشی لی گئی، جس سے 20 ہزار 900 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ایکسائز ٹیم نے موقع پر محمد اللہ ولد علی امین ساکن باڑہ ضلع خیبر کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے خلاف مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ایکسائز خیبر میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔دوسری کارروائی کے دوران تھانہ ایکسائز پشاور کی ٹیم نے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے موٹرسائیکل سوار ملزم کو گرفتار کرلیا۔
دورانِ تلاشی ملزم کے قبضے سے 4ہزار 800 گرام چرس اور ایک ہزار 500 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم کی شناخت خان داد ولد لعل محمد کے نام سے ہوئی، جو حالیہ طور پر کارخانوں پشاور میں مقیم جبکہ مستقل طور پر افغانستان کا رہائشی ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔محکمہ ایکسائز کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیاں تسلسل کیساتھ جارہی رہیں گی جبکہ اس کی اسمگلنگ اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








