ایف آئی اے کا کرپٹ عناصر کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن،لیسکو کے ایکسیئن سمیت 3 افسران گرفتار، جسمانی ریمانڈ منظور

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کرپٹ عناصر کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ایگزیکٹو انجینئر (ایکسیئن) سمیت 3 افسران کو بجلی کے نئے کنکشن کی فراہمی میں سنگین بے ضابطگیوں اور غیر قانونی اقدامات پر گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق کارروائی کے دوران لیسکو شالیمار ڈویژن اور صحافی کالونی سب ڈویژن کے افسران کے خلاف …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کرپٹ عناصر کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ایگزیکٹو انجینئر (ایکسیئن) سمیت 3 افسران کو بجلی کے نئے کنکشن کی فراہمی میں سنگین بے ضابطگیوں اور غیر قانونی اقدامات پر گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق کارروائی کے دوران لیسکو شالیمار ڈویژن اور صحافی کالونی سب ڈویژن کے افسران کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ گاؤں منہالہ لاہور میں بجلی کے ایک نئے کنکشن کے دوران قواعد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔تکنیکی معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ منظور شدہ تکنیکی نقشے کے برخلاف 11 کے وی ایچ ٹی (ہائی ٹینشن) لائن کے 3 اسپین اور ایک ایچ ٹی پول صارف کے احاطے کے اندر غیر قانونی طور پر نصب کئے گئے تھےجبکہ منظور شدہ لے آؤٹ کے مطابق ایچ ٹی لائن باؤنڈری وال کے ساتھ گزاری جانی تھی۔ اس کے علاوہ موقع پر 50 کے وی اے کا ٹرانسفارمر اور 2 عدد اے ٹی بی بھی غیر قانونی طور پر نصب پائے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی اے نے شواہد کی روشنی میں فوری کارروائی کرتے ہوئے لیسکو کے ایکسیئن محمد فیضان بٹ، لائن سپرنٹنڈنٹ راشد اعجاز اور ہیڈ ڈرافٹس مین محمد وسیم کو حراست میں لے لیا۔گرفتار تینوں ملزمان کو مجاز عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان کا جسمانی ریمانڈ منظور کر کے تفتیش کے لئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر ممکنہ سہولت کاروں اور مزید شواہد کے حوالے سے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔