2005ء کے سانحے کے بعد پاکستانی قوم نے جس اتحاد، ہمدردی اور اجتماعی احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا وہ ملکی تاریخ کا قابل فخر باب ہے،سردار ایاز صادق کا 8 اکتوبر 2005ء کے تباہ کن زلزلے کو 21 برس مکمل ہونے کے موقع پر پیغام

2005ء کے سانحے کے بعد پاکستانی قوم نے جس اتحاد، ہمدردی اور اجتماعی احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا وہ ملکی تاریخ کا قابل فخر باب ہے،سردار ایاز صادق کا 8 اکتوبر 2005ء کے تباہ کن زلزلے کو 21 برس مکمل ہونے کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 21 سال قبل آنے والے تباہ کن زلزلے کا سانحہ آج بھی پوری قوم کے دلوں میں تازہ ہے، آزاد جموں و کشمیر، خیبر پختونخوا اور دیگر متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور وسیع پیمانے پر تباہی ایک ناقابل فراموش قومی سانحہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 8 اکتوبر 2005ء کے تباہ کن زلزلے کو 21 برس مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور تکالیف کو یاد کرتے ہوئے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ 8 اکتوبر 2005ء کے سانحے کے بعد پاکستانی قوم نے جس اتحاد، ہمدردی اور اجتماعی احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وہ ملکی تاریخ کا ایک قابل فخر باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے عوام، امدادی اداروں، رضاکاروں، مسلح افواج اور سول سوسائٹی نے امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ انہوں نے مسلح افواج کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا اور متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر نو اور بحالی کے اقدامات نے متاثرہ علاقوں میں زندگی کو دوبارہ معمول پر لانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ 2005ء کے زلزلے کے تجربے نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بہتر پیشگی تیاری اور متعلقہ اداروں کے درمیان موثر تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی وارننگ کے نظام، مقامی سطح پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات، ریسکیو اور امدادی صلاحیتوں اور عوامی آگاہی کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ قدرتی آفات کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر قسم کی قدرتی آفات سے محفوظ رکھے اور قوم کو ایسے سانحات سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنی رحمت و حفاظت کا سایہ قائم رکھے۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005ء کا سانحہ ہمیں انسانی ہمدردی، باہمی تعاون اور قومی یکجہتی کی اہمیت کا احساس دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے حکومت، متعلقہ اداروں، ماہرین اور عوام کے درمیان موثر تعاون اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زلزلے میں شہید ہونے والے افراد کی مغفرت فرمائے، سوگوار خاندانوں کو صبر و حوصلہ عطا کرے اور پاکستان کو ہر قسم کی قدرتی آفات سے محفوظ رکھے۔