ستمبر کی قومی پولیو مہم کا جائزہ اجلاس، کوریج 95 فیصد سے زائد رہی،ڈی ایچ او ڈاکٹر شوکت علی ابڑو

ستمبر 2026ء کی قومی پولیو مہم کے بعد جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو کی صدارت میں منعقد ہوا،

لاڑکانہ۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):ستمبر 2026ء کی قومی پولیو مہم کے بعد جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیل ہیلتھ افسران، بڑے ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ضلعی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے شراکت داروں اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈی ایچ او لاڑکانہ ڈاکٹر شوکت علی ابڑو، نیشنل اسٹاپ ٹرانسمیشن آف پولیو کے افسر ڈاکٹر ایاز احمد میمن اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر لیاقت علی نے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کو ستمبر 2026ء کی پولیو مہم کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی اور مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع کے تمام تحصیلوں میں انتظامی اور نگرانی کی کوریج کا تناسب 95 فیصد سے زائد رہا جبکہ آزاد نگرانی کے عمل کے تحت لاٹ کوالٹی ایشورنس سیمپلنگ (LQAS) کے تمام لاٹس بھی کامیاب قرار پائے۔ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو نے ستمبر کی پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اہلکاروں کی مشترکہ اور بھرپور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ پولیو مہمات کے لیے مائیکرو پلاننگ اور تربیتی سرگرمیاں انتہائی باریک بینی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دی جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پلانے سے محروم نہ رہ جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ استعداد کار بڑھانے کے عمل میں کسی قسم کی کمی یا خامی باقی نہیں رہنی چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے تمام شرکاء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں آئندہ پولیو مہم میں بھی اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔