میٹرک دوسرا سالانہ امتحان 2026 شفافیت اور سخت امتحانی ایس او پیز کے تحت جاری
میٹرک دوسرا سالانہ امتحان 2026 شفافیت اور سخت امتحانی ایس او پیز کے تحت جاری

مزید خبریں
راولپنڈی ۔7اکتوبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیر اہتمام میٹرک دوسرا سالانہ امتحان 2026 حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ امتحانی ایس او پیز کے تحت شفاف، منظم اور پُرامن ماحول میں جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایات کی روشنی میں امتحانات کے شفاف انعقاد، میرٹ کے فروغ اور امتحانی نظام میں نظم و ضبط کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ نقل اور غیر قانونی ذرائع کے استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے ہارڈ اور گرے امتحانی مراکز کی آن لائن کڑی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ موبائل انسپکٹرز، چیئرمین اسکواڈ اور ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹیاں بھی امتحانی مراکز کی نگرانی میں متحرک ہیں۔ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا امتحانی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے سیکرٹری بورڈ پروفیسر محمد فہمید کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانی عمل، عملے کی حاضری، انتظامی امور اور امیدواران کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز میں پُرسکون اور شفاف ماحول برقرار رکھنے اور امتحانی ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے کہا کہ امتحانات میں شفافیت اور میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ نقل اور امتحانی نظام کو متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی جاری رہے گی جبکہ تمام دستیاب ذرائع سے امتحانی عمل کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔دریں اثناء میٹرک دوسرا سالانہ امتحان کے دوران نقل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک امیدوار رول نمبر 205895 اور ایک امیدوارہ رول نمبر 222608 کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔
امیدوارہ سے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن چکوال کے امتحانی مرکز میں موبائل فون برآمد کیا گیا جبکہ امیدوار کو گورنمنٹ گریجویٹ کالج اٹک کے امتحانی مرکز میں نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ دونوں کے خلاف فوری طور پر کیسز رجسٹرڈ کرکے ڈسپلن برانچ کو بھجوا دیئے گئے۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے بھی مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانی عمل، عملے کی حاضری اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو امتحانی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ امتحانی مراکز کی مسلسل نگرانی کا مقصد شفافیت برقرار رکھنا، امیدواران کو سازگار ماحول فراہم کرنا اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر اخلاقی سرگرمی کی بروقت روک تھام ہے۔








