وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت رورل سپورٹ پروگرام کی اصلاحات کے حوالے سےاجلاس

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت رورل سپورٹ پروگرام کی اصلاحات اور ری سٹرکچرنگ کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ، صوبائی سیکرٹری سروسز، صوبائی سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے قیام، اغراض و مقاصد، انتظامی امور اور نظم و نسق کے حوالے …

گلگت۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت رورل سپورٹ پروگرام کی اصلاحات اور ری سٹرکچرنگ کے حوالے سےاجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ، صوبائی سیکرٹری سروسز، صوبائی سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے قیام، اغراض و مقاصد، انتظامی امور اور نظم و نسق کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کی ری اسٹرکچرنگ کے حوالے سے تجاویز کا بنیادی مقصد ادارے کی بہتری، نظام کو درست کرنا اور ضابطہ کار کے تحت ادارے کی کارکردگی کو مزید موثر اور فعال بنانا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے انتظامی امور کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جاچکا ہے، جبکہ اس کے علاوہ سالانہ بنیادوں پر گرانٹ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

تاہم ادارے کی ساخت اور رجسٹریشن کی حیثیت کا واضح نہ ہونا غیر تسلی بخش اور قابل تشویش امر ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام ایک مثالی ادارہ بنے، اس کے کردار اور دائرہ کار کا واضح تعین کیا جائے اور ادارے کے اغراض و مقاصد بھی واضح ہوں۔ سال 2020 میں اسٹیٹ اونڈ اینٹیٹی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود اب تک جن اصلاحات کی ضرورت تھی، ان پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے حوالے سے یہ فیصلہ کیا جاتا ہے کہ یہ مکمل طور پر غیر سرکاری ادارہ ہے تو اسے مستحکم بنانے کے لیے بھی ضروری اصلاحات کرنا ہوں گی،

جبکہ حکومتی گرانٹس اور دیگر وسائل کی فراہمی کے حوالے سے بھی ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے ادارے کو مکمل طور پر غیر سرکاری ادارہ قرار دینے کے دعوے کے حوالے سے محکمہ قانون سے سات روز کے اندر گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کی رجسٹریشن اور قانونی حیثیت کے بارے میں رائے طلب کر لی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کی ری اسٹرکچرنگ اور ضروری اصلاحات کے حوالے سے حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔