ترک تعاون و رابطہ ایجنسی کے تحت ’’ٹیچ فار پاکستان‘‘ کے تربیتی مرکز کی اپ گریڈیشن مکمل، افتتاح کر دیا گیا

ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) نے ’’ٹیچ فار پاکستان‘‘ کے تربیتی مرکز کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد اس کا افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کا مقصد کم آمدنی والے علاقوں کے سرکاری سکولوں میں خدمات انجام دینے والے نوجوان اساتذہ کی تربیت کو مزید موثر بنانا ہے۔ منصوبے کے تحت تربیتی مرکز کو جدید آڈیو ویژول اور ویڈیو کانفرنسنگ سسٹمز، 10 لیپ ٹاپس اور 25 کلو واٹ …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) نے ’’ٹیچ فار پاکستان‘‘ کے تربیتی مرکز کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد اس کا افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کا مقصد کم آمدنی والے علاقوں کے سرکاری سکولوں میں خدمات انجام دینے والے نوجوان اساتذہ کی تربیت کو مزید موثر بنانا ہے۔ منصوبے کے تحت تربیتی مرکز کو جدید آڈیو ویژول اور ویڈیو کانفرنسنگ سسٹمز، 10 لیپ ٹاپس اور 25 کلو واٹ کا سولر انرجی سسٹم فراہم کیا گیا ہے۔ ان سہولیات کے ذریعے سالانہ تقریبا 115 ٹیچنگ فیلوز اور 20 ٹرینرز کو زیادہ موثر اور قابل اعتماد آن لائن و بالمشافہ تربیت فراہم کی جا سکے گی جبکہ ان اساتذہ کی تدریسی خدمات سے 7,000 سے زائد طلبہ مستفید ہوں گے۔

ٹیکا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے پاکستان اور ترکیہ کے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہم دو ملک اور ایک دل ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں بالخصوص اساتذہ کی تربیت کے شعبے میں تعاون پر ٹیکا کا شکریہ ادا کیا۔ ٹیکا کے نائب صدر ڈاکٹر علی ارجان نے کہا کہ اس منصوبے کے اثرات صرف تربیتی مرکز تک محدود نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولیات ایسے نوجوان اساتذہ کی تیاری میں مدد کریں گی جو اپنی مہارت، خیالات اور عزم کو پاکستان بھر کے سرکاری سکولوں کے کلاس رومز تک لے کر جائیں گے۔

اساتذہ کے بچوں کے مستقبل پر اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر علی ارجان نے مزید کہا کہ ایک اچھا استاد بچوں کو سیکھنے میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ انہیں سوال کرنے، اعتماد حاصل کرنے اور اپنے مستقبل کے لیے نئے امکانات دیکھنے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔ ’’ٹیچ فار پاکستان‘‘ باصلاحیت یونیورسٹی گریجویٹس کو بھرتی کرکے انہیں دو سالہ تدریسی پروگرام کے لیے تربیت دیتا ہے جس کے تحت وہ کم سہولیات والے علاقوں کے سرکاری سکولوں میں تدریسی خدمات انجام دیتے ہیں۔ اس منصوبے کے ذریعے تربیتی مرکز کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا کر اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور معیاری تعلیم تک وسیع تر رسائی کو فروغ دیا جا رہا ہے جو ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تعاون کو نئی نسل تک منتقل کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔

مزید خبریں